تاثیر،۲۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں،22دسمبر: جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے تھنہ منڈی بفلیاز کے جنگل علاقے میںدہشت گردوں کے دو فوجی گاڑیوں پر حملہ میں 4 فوجی جوان ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق اس مقام پر جمعہ کو دوسرے روز بھی وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری رہا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہدہشت گردوں کی تلاش کے لئے علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں چھپیدہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لئے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے اور سنیفر کتوں کو بھی کام پر لگایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محاصرے کو سنگین تر کرنے کے لئے فوج کی اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر تھانہ منڈی راجوری کے بفلیاز علاقے میں ملی ٹینٹوں نے فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گولیوں کی آوازیں سنتے ہی آس پاس تعینات اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے 4 فوجیوں کو مردہ قرار دیا۔ذرائع نے جاں بحق ہوئے فوجی جوانوں کی شناخت بی سنگھ، کے کمار، سی کمار اور جی کمار کے بطور کی جبکہ زخمیوں کی پہچان سندیپ کمار، ایس ایس داس اور ٹی ڈی بھاسکراو کے بطور ہوئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ راجوری اور پونچھ کے جنگلی علاقوں میں 20 دسمبر سے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تھانہ منڈی بفلیاز شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ تھانہ منڈی راجوری میں انکاونٹر کے پیش نظر بفلیاز روڈ پر فی الحال گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔

