تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
چھپرہ (نقیب احمد)
ریاستی محکمہ صحت نے ضلع میں پہلی بار ایک پرائیویٹ نرسنگ کالج کو کلینکل ٹریننگ کی منظوری دی ہے۔مذکورہ معلومات شہر کے کاشی بازار میں واقع کے آر نرسنگ کالج کے سکریٹری نے دی۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے ادارے کے ANM، GNM اور B.Sc نرسنگ طلباء کو تربیت کے لیے صدر اسپتال،ریفرل اسپتال بنیا پور،ریفرل اسپتال مڑھوڑہ،کمیونٹی ہیلتھ سینٹر جلالپور اور ریول گنج میں تعینات کیا گیا ہے۔محکمہ کے حکم کے مطابق تمام طلبہ کی روسٹر ڈیوٹی کے مطابق او پی ڈی،ایمرجنسی،وارڈ،بلڈ بنک،میڈیسن،سرجری،گائنی اور اطفال اور ویکسی نیشن وغیرہ شعبوں میں ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔معلوم ہو کہ نرسنگ سلیبس میں تھیوری کے ساتھ کلینیکل ٹریننگ دینا لازمی ہے۔انسٹی ٹیوٹ کے سیکرٹری نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والے طلبا کو نرسنگ پریکٹیکل کے لیے اب ضلع سے باہر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔اب یہ سہولت حکومت کے تعاون سے ضلع میں ہی دستیاب کرائی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بہار حکومت نے طلباء کو GNM اور B.Sc نرسنگ کورسز میں اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ سے قرض لینے کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔جبکہ دیگر کورسز میں پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کی سہولت دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ کے آر نرسنگ ضلع کا پہلا ادارہ ہے جس میں یہ تینوں کورس ایک ساتھ دستیاب ہیں۔یہ کورس انڈین میڈیکل کونسل نئی دہلی کے ضابطہ کے مطابق محکمہ صحت،آریہ بھٹہ نالج یونیورسٹی،بی این آر سی پٹنہ اور بہار ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی نے تسلیم شدہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بہار میں نرسنگ افسران اور عملہ کی تعداد بہت کم ہے۔تنظیم اس کو پر کرنے اور نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

