ہیمنت حکومت 29 دسمبر کو چار سال مکمل کرے گی، عالیشان تقریب کی تیاریاں تیز

تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

۔وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین ریاست کے عوام کوکئی سوغات دیں گے

رانچی، 23 دسمبر:ہیمنت حکومت 29 دسمبر کو اپنی میعاد کے چار سال مکمل کر رہی ہے۔ اس موقع پر راجدھانی رانچی کے مورہآبادی گراونڈ میں ریاستی سطح کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کے اعلیٰ افسران پروگرام کو شاندار بنانے کے لیے مصروف ہوگئے ہیں۔
چیف سکریٹری ایل کھیانگتے کی ہدایات پر لینڈ ریونیو سکریٹری امیتابھ کوشل، خواتین و اطفال کی ترقی کے محکمے کے سکریٹری کرپانند جھا اور پی آر ڈی کے ڈائریکٹر راجیو لوچن بخشی کو پروگرام کی کامیابی کے لیے اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ رانچی کے مورہابادی گراونڈ میں منعقد ہونے والے پروگرام کے دوران’ آپکی یوجنا آپکی سرکار آپ کے دوار‘ پروگرام کا تیسرا مرحلہ اختتام پذیر ہو گا، وہاںابووا ہاوسنگ اسکیم کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کے تحت رہائش کی منظوری دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنے دور اقتدار کے چار سال مکمل کرنے کے موقع پر ریاست کے عوام کو کئی سوغاتیں دینے کی تیاریاں کی ہیں۔ معلومات کے مطابق، جہاں نئی دہلی میں نئے تعمیر شدہ جھارکھنڈ بھون کا افتتاح کیا جائے گا، وہیں تقریباً 10 ہزار نوجوانوں کو تقرری نامہ بھی دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حکومت کی مختلف اسکیموں کے تحت مستحقین میں اثاثے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ تقریب کو عالیشان بنانے میں مصروف رانچی کے ڈی سی راہل کمار سنہا نے کہا کہ گروجی کریڈٹ کارڈ اسکیم، کشوری سمردھی یوجنا، پھولو جھانو آشیرواد ابھیان، سروجن پنشن اسکیم جیسی حکومت کی فلاحی اسکیموں کے تحت استفادہ کنندگان میں اثاثوں کو تقسیم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
حکومت کے چار سال مکمل ہونے کے موقع پر حکمران جماعت کی جانب سے رپورٹ کارڈ جاری کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ حکمراں جماعت کانگریس کے ریاستی صدر راجیش ٹھاکر نے حکومت کے کام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہیمنت حکومت نے فلاحی اسکیموں کے ذریعے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچانے کا کام کیا ہے۔
اہم اپوزیشن پارٹی بی جے پی ہیمنت حکومت کے کام کاج پر چارج شیٹ لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی میڈیا انچارج شیو پوجن پاٹھک نے حکومت کے کام کاج پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن مسلسل حکومت پر حملہ آور ہے اور چار سال مکمل ہونے کے موقع پر پارٹی نے چارج شیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔