سری لنکا کی جیلوں میں گنجائش سے دو گنا زیادہ قیدی

تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

کولمبو، 23 دسمبر : سری لنکا کی جیلوں میں قیدیوں کی گنجائش دوگنی ہونے سے صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔ منشیات اور انڈر ورلڈ کی سرگرمیوں کے خلاف حالیہ کریک ڈاون میں پکڑے گئے 10,000 سے زائد مشتبہ افراد کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ حکام متبادل کی تلاش میں ہیں۔
سری لنکا کے معروف اخبار ڈیلی مرر نے اپنے آن لائن ایڈیشن میں جیلوں کی حالت پر رپورٹ میں یہ مسئلہ اٹھایا ہے۔ ڈیلی مرر کے مطابق ملک بھر کی 30 جیلوں میں 30 ہزار سے زائد قیدی بند ہیں۔ تاہم ان جیلوں میں صرف 13000 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔ جیل میں بند آدھے سے زیادہ قیدی قانونی کارروائی میں تاخیر کی وجہ سے طویل عرصے سے سلاخوں کے پیچھے پھنسے ہوئے ہیں۔ وہ کیس کے نمٹانے کا انتظار کر رہے ہیں۔
اخبار نے وزارت پبلک سیورٹی کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے معمولی جرائم میں گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کیا جاسکتا ہے۔ جیل کے ترجمان گامنی ڈسنائیکے نے کہا کہ حکام جیلوں کے اندر مشتبہ افراد کے لیے عارضی رہائش تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کچھ قیدیوں کو جیلوں کے کیمپوں میں بھی منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ جیلوں پر زیادہ بھیڑ کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔