تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 23 دسمبر:کرناٹک میں کانگریس حکومت کی جانب سے حجاب پر پابندی ہٹانے کے اعلان پر مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہا کہ اگر ملک میں راہل گاندھی ، کانگریس اور انڈیا اتحادکی حکومت بنتی ہے تو ملک میں اسلامی قانون نافذ ہوگا۔
مرکزی وزیر نے ہفتہ کے روز یہاں کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کا کرناٹک میں حجاب پر پابندی نہ لگانے کا اعلان یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ صرف حجاب پر سے پابندی نہیں ہٹا رہا ہے بلکہ ریاست میں شرعی قانون کا قیام ہے۔ ایسے میں اگر راہل گاندھی ، کانگریس اورانڈیا اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو اسلامی قانون نافذ ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ کرناٹک کی سابقہ بی جے پی حکومت کی طرف سے حجاب پر پابندی لگائی تھی۔ کانگریس حکومت نے حجاب پر پابندی ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ریاستی حکومت حجاب پر پابندی واپس لے گی۔ سدارامیا نے کہا کہ ریاست میں حجاب پر کوئی موثر پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر عائد پابندیاں جلد واپس لے لی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین جو چاہے پہن سکتی ہے۔ دراصل 2022 میں سا بقہ بی جے پی حکومت نے حجاب پر پابندی لگا دی تھی۔

