تاثیر،۲۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 25 دسمبر:بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے راجدھانی پٹنہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیش اتحاد انڈیاتحاد سے وہ ناراض نہیں ہیں۔ جب سے انڈیا اتحاد کا چوتھا اجلاس دہلی میں منعقد ہوا تھا تبھی سے سیاسی حلقوں میں یہ بحث ہورہی ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ناراض ہیں۔ اسی لیے وہ میٹنگ کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی موجود نہیں تھے۔ حالانکہ اب خود بہار کے وزیراعلیٰ کمار نے صورتحال کو واضح کیا ہے۔ پٹنہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناراضگی کی بات غلط ہے۔ وہ اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک سے بالکل ناراض نہیں ہیں۔نتیش کمار نے کہا کہ “میری ناراضگی کے بارے میں بہت ساری خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، یہ بالکل غلط ہے۔ میں کیوں ناراض ہوں گا؟ میری کوشش رہی ہے کہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کو متحد ہوجانا چاہیے تاکہ ہم 2024 میں منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دے سکیں۔ ہم ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ ہماری کوئی خواہش نہیں ہے، بس یہ کہ سب اکٹھے ہوں اور ایک ساتھ الیکشن لڑیں اور سب کچھ جلدی ہو جائے۔
بہار کے وزیراعلی نے مزید کہا کہ ‘مجھے کسی عہدے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔ نتیش کمار نے وزیر اعظم کا امیدوار یا کنوینر نہ بنائے جانے پر ناراضگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کبھی کسی عہدے کی خواہش نہیں تھی۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ جسے جو بنانا چاہے وہ بنا سکتے ہیں۔ میں صرف اتنا چاہتا ہوں کہ سب مل کر الیکشن لڑیں اور سیٹ شیئرنگ پر جلد سے جلد کام کیا جائے۔
نتیش کمار نے جنتا دل یونائیٹڈ میں پھوٹ کے سوال پر کہا کہ یہ بیکارکی بات ہے۔ میری پارٹی پوری طرح متحد ہے اور ہم ا?ئندہ انتخابات کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری پارٹی کو کون توڑ سکتا ہے؟ ہم مکمل طور پر متحد ہیں۔

