تاثیر،۲۷ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 27دسمبر:انڈین کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران زخمی ہو گئے۔ جس کی وجہ سے وہ کھیلی جانے والی آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز اور پھر جنوبی افریقہ کے دورے سے باہر ہو گئے تھے۔ اب اگلے سال افغانستان کیخلاف ہونے والی سیریز میں ان کے کھیلنے پر شک ہے۔ رپورٹ کے مطابق وہ 3 میچوں کی سیریز سے باہر ہو سکتے ہیں۔ سوریہ کمار یادو ایک بار پھر ٹی 20 میں ٹیم انڈیا کی کپتانی کرتے نظر آئیں گے۔رپورٹ کے مطابق ہاردک پانڈیا افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ان کے فٹ ہونے اور اگلے سال انڈین پریمئر لیگ میں میدان میں واپسی کی امید ہے۔ ہاردک پانڈیا چار میچ کھیلنے کے بعد ٹخنے کی انجری کی وجہ سے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے۔ وہ باؤلنگ کے دوران گیند کو روکتے ہوئے بری طرح گر گئے اور پھر ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز میں نہیں کھیل سکے۔ہاردک پانڈیا 19 اکتوبر کو آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد سے وہ دوبارہ فٹنس حاصل کرنے کے لیے ریکوری سے گزر رہے ہیں۔ سوریہ کمار یادیو نے T20 ٹیم کی کپتانی کی اور آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بھی ٹیم کی کمان اسی کھلاڑی کے ہاتھ میں تھی۔ ہندوستان نے یہاں 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔افغانستان کی ٹیم اگلے سال کے شروع میں ٹیم انڈیا کیخلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔ یہ سیریز 11 سے 17 جنوری کے درمیان کھیلی جائے گی۔ امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے T20 ورلڈ کپ سے قبل یہ ہندوستان کی آخری ٹی 20 سیریز ہوگی۔ پہلا ٹی 20 میچ 11 جنوری کو موہالی میں کھیلا جانا ہے۔ دونوں ٹیمیں 14 تاریخ کو اندور میں کھیلیں گی۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 17 جنوری کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔

