جموں و کشمیر میں سردی کی لہر اور گھنی دھند سے عام زندگی متاثر

تاثیر،۲۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جموں 28 دسمبر:وادی کشمیر میں مسلسل سردی کی لہر اور گھنی دھند کی وجہ سے سری نگر شہر میں جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر شہر میں گھنی دھند کی وجہ سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی کیونکہ صبح کے وقت حد نگاہ پانچ میٹر تک رہ گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 31 دسمبر تک صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعرات کو سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جب کہ گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب منفی 2.6 اور منفی 5.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔لداخ خطے کے لیہہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.2 ڈگری سیلسیس ، کرگل میں منفی 10.6 اور دراس میں منفی 12.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.8، کٹرا میں 7.2، بٹوت میں 6.2، بھدرواہ میں 2 اور بانہال میں 9.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔