تاثیر،۲۹ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں، 29 دسمبر: جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے بفلیاز ڈیرہ کی گلی میں دہشت گردوں کی طرف سے فوجی گاڑی گھات لگاکر حملے کے بعد نو روز بھی تلاشی مہم جاری ہے۔ حملے کے بعد مغل شاہرہ کے ساتھ راجوری کے مختلف علاقہ جات کو جوڑنے کا والی سڑک کو ڈیرہ گلی کے جنگلاتی علاقے میں چل رہے سرچ آپریشن کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا تاہم حملے کے نو روز بعد سڑک کو آج صبح آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔ وہیں سرچ آپریشن نو دنوں سے مسلسل جاری ہے۔
معمول کے مطابق ڈیرہ گلی میں آرمی چیک پوسٹ پر چیکینگ کے بعد گاڑیوں کو آنے جانے دیا جا رہا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران اس سڑک کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بند رکھا گیا تھا تاہم سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہے لیکن سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت کو بحال کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق شام کے بعد کسی بھی گاڑی کو آمدورفت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈیرہ گلی کے جنگلاتی علاقہ میں ہونے والے اس واقعے کے بعد لوگوں میں کافی ڈر کا ماحول بنا ہوا ہے۔ بیشتر لوگ اب سڑک کا استعمال کرنے سے پرہیز کر رہے ہیں۔ چونکہ علاقے میں بیس برس تک امن رہنے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

