تاثیر،۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ٹوکیو،یکم جنوری: جاپان میں 7.5 شدت کا شدید زلزلہ آیا ہے جس کے بعد سونامی کی لہریں اٹھ رہی ہیں۔ 1.2 میٹر اونچی سونامی کی لہریں جاپان کے ساحلوں سے ٹکرا گئیں۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ پیر کو شمالی وسطی جاپان میں 7.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے موسمیاتی ادارے نے اشیکاوا، نیگاتا اور تویاما پریفیکچر کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔ موسمیاتی ادارے کے مطابق زلزلے کے باعث 5 میٹر اونچی لہریں اشیکاوا پریفیکچر کے نوٹو تک پہنچ رہی ہیں۔جاپان میں 5 میٹر اونچی سونامی لہروں کے خدشے کے درمیان ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام میں خوف و ہراس ہے۔ ادھر امدادی ٹیمیں بھی سونامی سے متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔جاپان کے پبلک براڈکاسٹر NHK کی ایک رپورٹ کے مطابق، اشیکاوا پریفیکچر کے وجیما شہر کے ساحل سے 1 میٹر سے زیادہ اونچی لہریں اٹھیں۔ ہوکوریکو الیکٹرک پاور نے کہا کہ وہ اپنے جوہری پاور پلانٹس میں کسی بھی بے ضابطگی کی تحقیقات کر رہا ہے، NHK نے رپورٹ کیا۔

