نئے سال پروزیر اعلیٰ رہائش گاہ میں ہلچل، نتیش کمار نئے سال پر کررہے ہیں لوگوں سے ملاقات

تاثیر،۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، یکم جنوری: نئے سال کے موقع پر ایک انے مارگ پر واقع وزیر اعلیٰ رہائش گاہ میں صبح سے ہی ہلچل ہے۔ پارٹی رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں وزیر اعلیٰ کو نئے سال کی مبارکباد دینے پہنچ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جے ڈی یو کے قومی صدر کے عہدے کا چارج بھی سنبھال لیا ہے۔ اس لیے پارٹی قائدین اور کارکنان بھی قومی صدر کو مبارکباد دینے پہنچ رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو مبارکباد دینے بہار بھر سے لوگ آ رہے ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔ تفتیش کے بعد ہی لوگوں کو وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ میں داخلہ دیا جا رہا ہے۔ لوگوں کے موبائل فون بھی باہر رکھے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سے ملنے اور مبارکباد دینے آنے والے پارٹی لیڈروں کا کہنا ہے کہ بہار میں حکومت مضبوطی سے چل رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ جہاں بھی جائیں گے ہم ان کے ساتھ رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار آج صبح کلیان بیگھہ گئے تھے جہاں انہوں نے اپنی والدہ کی برسی کے پروگرام میں شرکت کی۔ وہاں انہوں نے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ کلیان بیگھہ سے پٹنہ واپس آنے کے بعد وہ یہاں بھی لوگوں سے مل رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار عام لوگوں کے ساتھ اپنے وزراء￿ ، ایم ایل اے اور پارٹی لیڈروں سے نئے سال کی مبارکباد لے رہے ہیں۔
واضح ہو کہ نئے سال کے آغاز سے 2 دن پہلے نتیش کمار نے جے ڈی یو کی کمان سنبھال لی ہے۔ للن سنگھ نے قومی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اس کی وجہ سے کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ حالانکہ کارکنان کہہ رہے ہیں کہ ہم وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہیں اور وہ جو بھی فیصلہ لیں گے وہ پارٹی اور بہار کے مفاد میں ہوگا۔