تاثیر،۲ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سڈنی ، 2 جنوری:آسٹریلیا کے لیجنڈ کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ آج یعنی 3 جنوری کو کھیلیں گے۔ اس سے پہلے وہ اپنے ون ڈے کیریئر پر بھی مکمل بریک لگا چکے ہیں۔ وارنر نے 3 جنوری کو ہونے والے میچ سے قبل ونڈے کیریئر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اب الوداعی میچ سے قبل تجربہ کار کھلاڑی جذباتی نظر آئے۔ انہوں نے اپنے ساتھی فلپ ہیوز کو یاد کیا جو بیٹنگ کے دوران گیند لگنے سے فوت کر گئے تھے۔یہ واقعہ سال 2014 میں پیش آیا تھا، جب شیفیلڈ شیلڈ کے دوران ایک باؤنسر ان کے لیے خطرناک ثابت ہوا، شان ایبٹ باؤلر تھے، ان کا باؤنسر ہیلمٹ پہننے کے باوجود مخصوص جگہ پر لگا اور وہ بے ہوش ہو گئے۔ اس دوران ڈیوڈ وارنر بھی میدان میں موجود تھے۔ ڈیوڈ وارنر نے کہا ہمارے لیے، جس دن ہیوز گرا تھا بہت افسوسناک اور خوفناک تھا۔ آج بھی اس کا ہم پر برا اثر پڑا ہے۔ اس کے کردار، اس کی توانائی اور اس کی مسکراہٹ ہمیشہ یاد آتی ہیں۔ سب کے ساتھ بہترین دوستی تھی۔ کوئی اس کے بارے میں کبھی برا لفظ نہیں کہہ سکے گا۔ڈیوڈ وارنر نے مزید کہا کہ اس کے پاس ہر طرح کے شاٹ تھے، مجھے یقین ہے کہ اگر وہ ہمارے ساتھ ہوتے تو میری یا عثمان خواجہ کی جگہ ٹیسٹ ٹیم میں ہوتے۔فلپ ہیوز کی موت کے بعد دنیائے کرکٹ سوگ میں ڈوبی ہوئی تھی۔ ان کے جنازے پر کئی سابق کھلاڑیوں کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ سڈنی میں ان کی یاد میں ہیوز کا ایک چھوٹا مجسمہ لگایا گیا تھا۔ بلے بازی کے لیے جاتے ہوئے وارنر نے اسے چھوا تھا۔ توقع ہے کہ وہ اپنے کیریئر کے آخری میچ میں بھی ایسا ہی کریں گے۔فلپ ہیوز نے آسٹریلیا کے لیے 26 ٹیسٹ اور 25 ون ڈے میچ کھیلے تھے، انہوں نے ان میچوں میں 7 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 3 جنوری کو ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گی۔ کنگارو ٹیم نے یہ سیریز 2-0 سے جیت لی ہے۔

