کیپ ٹاؤن میں محمد سراج کے’ میاں میجک‘ کا جلوہ فقط 15 رنز دے کر6 وکٹیں اڑائیں، جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 55 رنز پر ڈھیر

تاثیر،۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کیپ ٹاؤن، 3 جنوری: ہندوستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار آغاز کیا ہے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے میچ کے پہلے ہی گھنٹے میں 4 وکٹیں لے کر میزبان جنوبی افریقہ کو گھٹنوں پر لا دیا۔ ڈرنکس کے وقفہ کے بعد جیسے ہی کھیل شروع ہوا تو انہوں نے مزید 2 وکٹیں حاصل کرکے جنوبی افریقہ کے اسکور کو 6 وکٹوں پر 34 رنز کر دیا اور پھر اس کے بعد کچھ ہی دیر میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 55 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کو جلد آؤٹ کرنے میں سب سے اہم کردار محمد سراج نے ادا کیا۔ جس پریت بمراہ نے بھی سراج کا بخوبی ساتھ نبھایا۔ ہندوستانی ٹیم سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار چکی ہے۔ ایسے میں کیپ ٹاؤن میں کھیلا جا رہا ٹیسٹ میچ ان کے لئے کرو یا مرو کا میچ بن گیا ہے۔ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ بدھ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جا رہا ہے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ڈین ایلگر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن محمد سراج نے ڈین ایلگر اور جنوبی افریقہ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 5 رنز کے اسکور پر گری اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس کا اسکور 6 وکٹوں پر 34 رنز ہوگیا۔ ان میں سے 5 وکٹیں محمد سراج نے ہی حاصل کیں۔محمد سراج یہیں نہیں رکے اور ایک اور وکٹ حاصل کرلی۔ جسپریت بمراہ نے محمد سراج کا بخوبی ساتھ نبھایا اور 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاردل ٹھاکر کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کئے گئے ،مکیش کمار نے بھی 2 وکٹیں لے کر واپسی کا جشن منایا۔محمد سراج نے اننگز میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اب تک کے 23 ٹیسٹ میچوں کے ان کے کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے، جب سراج نے 5 سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس سے پہلے ان کی بہترین کارکردگی 60 رنز کے عوض 5 وکٹیں تھیں۔ سراج نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پورٹ آف اسپین ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔جنوبی افریقہ کی کارکردگی کتنی خراب رہی، اس کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے 9 بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکے۔ صرف وکٹ کیپر بلے باز کائل ورین اور ڈیوڈ بیڈنگھم 10 کا ہندسہ پار کر سکے۔ کائل وارن نے 15 اور بیڈنگھم نے 12 رنز بنائے۔