وزیر اعلیٰ نے ’میڈل لاؤنوکری پاؤ‘ اسکیم کے تحت نمایاں کھلاڑیوں کو تقرری نامے دیے

تاثیر،۶ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وزیراعلیٰ کا اعلان :-

۔ اب تک کھیلوں سے متعلق تمام کام فن، ثقافت اور یوتھ محکمہ کے تحت کئے جاتے ہیں۔ کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ریاست میں ایک الگ کھیل سے متعلق محکمہ‘ تشکیل دیا جائے گا۔ اس اسپورٹس محکمہ کے ذریعہ کھیل کود سے متعلق کام کو کیا جائے گا
۔ اچھے کھلاڑیوں کو وظائف دیے جائیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑی کھیلوں پراپنی پوری توجہ دے سکیں۔ کھلاڑی وظیفہ کی رقم کھیلوں کا سامان خریدنے کے ساتھ اپنے اچھی غذا کھانے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔
۔ پولیس سمیت دیگر محکموں میں اسپورٹس کوٹہ کی بہت سی اسامیاں خالی ہیں، ان اسامیوں پر کھلاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پرتقرری کی جائے گا۔

پٹنہ، 06 جنوری 2024:- وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمارنے 1 انے مارگ واقع ’نیک سمواد‘ میں۔’میڈل لاؤ نوکری پاو اسکیم‘ کے تحت منعقدہ ایک پروگرام میں نمایاں کھلاڑیوں کو تقرری نامے دیے گئے۔ اس کے تحت وزیر اعلیٰ نے چین کے ہانگزو گوئو میں منعقدہ 19ویں ایشیائی کھیلوں اور چوتھے ایشیائی پیرا گیمز، 2023 کے ہائی جمپ مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے شیلیش کمار، کامن ویلتھ گیم میں لان بال میں میڈل جیتنے والے مسٹر چندن کمارسنگھ، چوتھے ایشین پیرا گیمز 2023کے تیراکی میں محمد شمس عالم شیخ ، سائیکلنگ ٹریک میں مسٹر جلال الدین انصاری ، فینسنگ(تلوار بازی) میں مسٹر آکاش کمار ، کبڈی میںساگر کمار، ایشین گیمز کے رگبی میں شویتا شاہی سمیت کبڈی، رگبی، مارشل آرٹس، ایتھلیٹکس، فٹ بال اور ڈریگن بال گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 71 کھلاڑیوں کو تقرری نامے دیے ۔
اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ کھیلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو نوکریاں دی گئی ہیں اور انہیں تقرری نامہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔ میں ان تمام کھلاڑیوں کوجنہیں تقررنامے ملے ہیں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم قابل احترام اٹل بہاری واجپائی جی کی حکومت میں ریلوے کی وزارت دیکھ رہے تھے، اسی وقت ہم نے ریلوے میں کھلاڑیوں کو نوکریاں دینے کاالتزام کیا تھا۔ اس التزام کے تحت سینکڑوں کھلاڑیوں کو ریلوے میں نوکریاں دی گئیں۔ ریلوے میں نوکریاں ملنے کے بعد کھلاڑیوں کا جوش و خروش بڑھ گیا۔ مشہور شوٹنگ کے ٹرینرمسٹر ناگیندرتومر میرے گاؤں کلیان بیگھا آئے اور ایک شوٹنگ رینج قائم کیا۔ریاستی حکومت کے ذریعہ کلیان بیگھا واقع شوٹنگ رینج کو قومی سطح کا بنایا گیا ہے، جہاں پوری ریاست سے لوگ آتے ہیں۔کھلاڑی آکر پریکٹس کرتے ہیں اور یہاں سے تربیت حاصل کرتے ہیں اور کئی قومی مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ ریلوے میں کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کی طرز پر2010 میں بہار میں بھی شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو سرکاری نوکریاں دینا شروع کر دی گئیں۔جس کے تحت سال 2010 میں 33، سال 2011 میں 125، سال 2015 میں 82 اور سال 2020 میں 31 سمیت کل271 کھلاڑیوں کو کلریکل کی نوکریاں دی گئیں تھیں۔ اب ریاست میں کھیلوں کی طرف نوجوانوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ریاستی حکومت نے ’میڈل لاو، نوکری پاو‘ کے طرز پر ایک پروگرام شروع کیا ہے۔شاندار کھلاڑیوں کی بہار براہ راست تقرری کاضابطہ 2023 بنایا گیا ہے۔ اس کے مطابق قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو براہ راست نوکریاں دی جائیں گی۔ اس نئے اصول کے مطابق کھلاڑیوں کو ایس ڈی او اورڈی ایس پی تک کا موقع ملے گا۔ اس اصول کے تحت آج 71 کھلاڑیوں کونوکریاں دی گئی ہیں جن میں 2 کو افسر کی نوکری دی گئی ہے جس میں چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر اور بلاک پنچایتی راج آفیسر شامل ہیں۔ 69کو سب انسپکٹر ،محکمہ سماجی فلاح میںسپرنٹنڈنٹ، ڈیٹا انٹری آپریٹر اور کلرک کی نوکریاں دی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار میں کھیلوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس کے لئے ہر سطح پر کھیلوں کی سہولیات تیار کی جا رہی ہیں تاکہ بچے پڑھیں بھی اور کھیلیں بھی۔ ریاست میں بلاک سطح پر اسٹیڈیم کی تعمیر کرائی جارہی ہے جس میں اب تک تقریباً 250 اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ کھلاڑیوں کو ریاست سے باہر ٹریننگ کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ہر سال قومی اور بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو کھیلوں کا اعزازاسکیم کے تحت ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔ پٹنہ میں کنکر باغ میں پاٹلی پترا اسپورٹس کمپلیکس بنایا گیا ہے ،جہاں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ پاٹلی پترا اسٹیڈیم میں کھیلوں کے انعقاد، ٹریننگ اور کھلاڑیوں کے رکنے کا انتظام ہے۔ راجگیر میں بہار اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی گئی ہے۔ ریاست میں میڈیکل،انجینئرنگ اینڈ سپورٹس یونیورسٹی قائم کی گئی ہے۔ میڈیکل یونیورسٹی اورانجینئرنگ یونیورسٹی نے کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجگیر اسپورٹس اکیڈمی و کرکٹ اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ اسپورٹس یونیورسٹی جلد شروع ہو سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کھیلوں سے متعلق تمام کام فن و ثقافت اور یوتھ محکمہ کے تحت ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ریاست میں ایک الگ ’اسپورٹس سے متعلق محکمہ‘ قائم کیاجائے گا۔ اس کھیل محکمہ کے ذریعہ کھیل کود سے متعلق کام کو کیا جائے گا۔ ساتھ ہی اچھے کھلاڑیوں کو وظائف دیے جائیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑی اپنی پوری توجہ کھیلوں پر دے سکیں۔ اسکالرشپ کی رقم سے کھلاڑی کھیلوں کا سامان خریدنے کے ساتھ ساتھ اچھی غذا کے لیے استعمال کر سکیں گے۔ پولیس اور دیگر محکموں میں اسپورٹس کوٹہ کی کئی اسامیاں خالی ہیں۔ان اسامیوں پر کھلاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر تقررکیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں ان تمام کھلاڑیوں کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں جنہیں تقرری کے لیٹر ملے ہیں اور ان کے روشن مستقبل کی دعا کرتا ہوں۔ میں اس پروگرام کے انعقاد کے لیے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، فن و ثقافت اوع یوتھ محکمہ اور بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ سب آگے بڑھیں اوربلندی حاصل کریں، یہ میری نیک خواہش ہے۔
پروگرام میں وزیراعلی کو جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر بی راجندر نے سبز پودا پیش کر کے ان کا استقبال کیا اور تقرری لیٹر حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کے دستخط شدہ مومینٹو کو کھلاڑیوں نے وزیر اعلیٰ کو پیش کیا۔ پروگرام کے دوران ’دل سے کھیلو مل کے جیتو‘ پر مبنی ایک مختصر فلم کی نمائش کی گئی۔
اس پروگرام سے نائب وزیر اعلیٰ جناب تیجسوی پرساد یادو، خزانہ، کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، فن، ثقافت اور یوتھ محکمے کے وزیر جناب جتیندر کمار رائے نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی،وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، پرنسپل سکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر بی راجندر، محکمہ سماجی فلاح کے سکریٹری مسٹرپریم سنگھ مینا، محکمہ داخلہ کے سکریٹری مسٹر کے سینتھل کمار، کمرشل ٹیکس محکمہ کی سکریٹری ڈاکٹر پرتیما ایس ورما،وزیراعلی کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار، عمارت تعمیرات محکمہ سیکریٹری مسٹر کمار روی، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس و چیئرمین کم منیجنگ ڈائریکٹر بہار اسٹیٹ پولیس بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ مسٹر ونے کمار، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (پولیس ہیڈ کوارٹر) مسٹر جے ایس گنگوار، بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرمسٹر رویندرن شنکرن سمیت دیگر سینئر افسران اور کھلاڑی جنہوں نے تمغہ جیتنے کے بعد تقرری نامہ حاصل کیا اور ان کے اہل خانہ موجود تھے۔