فریادیوں کے مسائل کے حل کے لیے مناسب کارروائی کریں افسران،وزیر اعلیٰ نے جنتا دربار میں 55 لوگوں کی سنی فریاد

تاثیر،۸ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 08 جنوری :- وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج 4، دیش رتن مارگ واقع وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ احاطہ میں منعقد’جنتا کے دربار میں وزیر اعلی‘ پروگرام میں شرکت کی۔ ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلی‘ پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے 55 لوگوں کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ان کے حل کے لیے مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
آج ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلی‘ پروگرام میںمحکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن ،محکمہ صحت ، محکمہ تعلیم، محکمہ سماجی فلاح، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات بہبود محکمہ،محکمہ خزانہ، درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل بہبود محکمہ، اقلیتی فلاح محکمہ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محکمہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ،فن و ثقافت اور یوتھ محکمہ،لیبروسائل محکمہ اورآفات مینجمنٹ ڈیپارمحکمہ سے متعلق معاملات پر سماعت ہوئی۔
’جنتاکے دربار میں وزیراعلی‘ پروگرام میں بانکا ضلع سے آئے مسٹر چھبیلا یادو نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ جون 2015 میں تلکا مانجھی یونیورسٹی بھاگلپور کے تحت ایس ایم کالج میں الیکٹریشن کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے تھے۔ لیکن اب تک مجھے ریٹائرمنٹ کے فوائد نہیں ملے ہیں اور پنشن کی ادائیگی نہیں ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
مظفر پور ضلع سے آئی مسز ممتا کماری نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی اور کہا کہ آنگن بااڑی کارکنوں کی بحالی میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے وہ روزگار حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سماجی فلاح کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
سہرسہ ضلع سے آئی مسزمونیکا کماری نے وزیر اعلیٰ سے شکایت کی کہ ٹرین حادثے میں ان کی دونوں ٹانگیں کاٹ دی گئیں۔ کافی اخراجات کے بعد میں صحت یاب ہوء ہوں لیکن میرے پاس مصنوعی پاوں لگوانے کے لیے پیسے نہیں ہیں، برائے مہربانی مصنوعی پاوں لگوانے میں میری مدد کریں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
گوپال گنج ضلع سے آئے ہوئے جناب راہل کمار رنجن نے وزیراعلی سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ تھاوے بلاک کے تحت لکشور مندر میں عوامی اجابت خانہ، پینے کا صاف پانی وغیرہ جیسی بنیادی سہولیات فراہم کریں۔ وزیراعلیٰ نے فن و ثقافت اور یوتھ محکمہ کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ گوپال گنج ضلع سے آئے مسٹر منوج کمار تیواری نے مگدھ شوگر مل مینیجر کے ذریعہ مزدوروں کو ہراساں کئے جانے کی شکایت وزیر اعلیٰ سے کی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
سمستی پور ضلع سے آئی مسزم چندرم کماری نے وزیر اعلیٰ سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ جموئی ضلع میں واقع سملتلا رہائشی اسکول میں اساتذہ کی کمی ہے، جس کی وجہ سے پڑھائی ٹھیک سے نہیں ہو رہی ہے۔ براہ کرم مسئلہ حل کریں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
پٹنہ ضلع سے آئے مسٹر سنیل کمار نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول بانکی پور میں بطور اٹینڈنٹ کام کرتی تھیں۔ سروس کے دوران ان کا انتقال ہو گیا لیکن مجھے آج تک انوکمپا کی بنیاد پر نوکری نہیں مل سکی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
بکسر ضلع کے ڈمراوں سے آئی مسزپوجاکماری نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ابھی تک گرلس پروموشن اسکیم کے تحت رقم نہیں ملی ہے۔ اسی دوران بھوجپور ضلع سے آئی ہوئی محترمہ گڑیا کماری نے بھی لڑکیوں کی حوصلہ افزائی رقم نہ ملنے کی شکایت کی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
اورنگ آباد ضلع سے آئے مسٹر نیرج کمار نے وزیراعلی سے درخواست کی کہ انہیں بیٹری سے چلنے والی ٹرائی سائیکل فراہم کی جائے کیونکہ میں ایک معذور شخص ہوں، تاکہ مجھے آمدورفت میں سہولت مل سکے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سماجی بہبود کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ پروگرام میں نائب وزیر اعلیٰ جناب تیجسوی پرساد یادو ، خزانہ ،کمر شیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجئے کمار چودھری ، سماجی فلاح کے وزیر جناب مدن سہنی ، فن و ثقافت اور یوتھ محکمہ کے وزیر جناب جتیندر کمار رائے ، اقلیتی فلاح کے وزیر جناب زماں خان ، آفات مینجمنٹ محکمہ کے وزیر جناب شاہنواز ،لیبر وسائل محکمہ کے وزیر جناب سریندر رام ، اطلاعات و ٹیکنا لوجی محکمہ کے وزیر جناب محمد اسرائیل منصوری ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر دیپک کمار ، چیف سیکریٹری مسٹر عامر سبحانی ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ ، اے ڈی جی (ہیڈ کوارٹر )مسٹر جے ایس گنگوار ، متعلقہ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ، پرنسپل سیکریٹری ، سیکریٹری ،وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری مسٹر انوپم کمار ، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ ، پٹنہ ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ اور ایس ایس پی مسٹر راجیو مشرا موجود تھے ۔