تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
امروہہ، 10 جنوری : اترپردیش کے امروہہ ضلع میں سیدن گلی تھانہ علاقے میں سردی سے بچنے کے لیے ایک خاندان انگیٹھی میں آگ جلا کر کمرے میں سو گیا۔ اگلے روز گھر کے پانچ افراد کی دم گھٹنے سے ہلاک ہونے کی بات سامنے آئی، دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
گاؤں علی پور بھوڈ عرف ڈھاکہ موڑ کا رہائشی رئیس الدین ٹرک ڈرائیور ہے۔ اس کے خاندان میں اس کی بیوی حسن جہاں، اس کی بیٹی سونم، بڑا بیٹا زید، چھوٹا بیٹا ماہر ہیں۔ اس کے ہم زلف آس محمد نے بتایا کہ چند روز قبل اس کی بیوی اپنی بیٹی کشش کے ساتھ رئیس الدین کے گھر گئی تھی۔ اس نے بتایا کہ اس کا سالہ ریاست بھی اپنی بیٹی مہک کے ساتھ آیا تھا۔ جبکہ ٹرک ڈرائیور رئیس الدین چار دن قبل ٹرک لے کر کاشی پور گیا تھا۔ دریں اثنا منگل کی رات سردی سے بچنے کے لیے گھر والے کمرے میں انگیٹھی جلا کر سو گئے۔ بدھ کے روز ڈرائیور نے اپنی اہلیہ کی خیریت دریافت کرنے کے لیے فون کیا۔ کئی بار کال کرنے کے بعد بھی جواب نہ آیا تو اس نے اپنے چھوٹے بھائی گبرو کو فون کیا اور گھر کی خیریت دریافت کرنے کے لیے بھیجا۔
جب اس کا بھائی گھر پہنچا تو اس نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن اندر سے کوئی آواز نہ آئی۔ اسی دوران لوگوں کا ایک ہجوم قریب جمع ہوگیا۔ گبرو اہل علاقہ کے ساتھ چھت سے کمرے میں داخل ہوا۔ اس نے دیکھا کہ سب بے ہوش پڑے ہیں اور کمرہ دھوئیں سے بھرا ہوا ہے۔ پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔ سبھی کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے رئیس الدین کی بیوی حسن جہاں اور ریاست کی حالت تشویشناک بتائی جبکہ خاندان کے پانچ افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ مہلوکین کی شناخت سونم (19 سال)، وارث (17)، مہک (16)، زید (15) اور ماہر(12) کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ راجیش کمار تیاگی اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کنور انوپم سنگھ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے فارنسک ٹیم کے ساتھ کمرے میں موجود اس جگہ کا باریک بینی سے معائنہ کیا جہاں کوئلہ جلایا گیا تھا۔
ایس پی کے مطابق قیاس کیا جا رہا ہے کہ گھر والے سوتے ہوئے دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔

