پولیس کی پٹائی کے بعد چھوڑ دی تھی سیاست : پنکج ترپاٹھی

تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پنکج ترپاٹھی جلد ہی اٹل بہاری واجپئی کی بایوپک ‘میں اٹل ہوں’ میں نظر آئیں گے۔ اس بار انہوں نے اپنی زندگی کی ایک پرانی کہانی شیئر کی ہے۔ پنکج نے کہا کہ وہ سیاست کی طرف مائل تھے، لیکن ایک واقعہ کے بعد وہ مایوس ہو گئے اور سیاست کا خیال اپنے ذہن سے نکال دیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پنکج ترپاٹھی نے بہار میں اپنے کالج کے دنوں کے بارے میں بات کی۔ تب وہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی ) کا حصہ تھے۔ سیاست میں داخل ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پنکج ترپاٹھی نے ایک واقعہ سنایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست میں آنا چاہتے تھے لیکن گرفتارہونے اورپولیس کی پٹائی کے بعد انہوں نے سیاست کرنے کا خیال چھوڑ دیا۔ پنکج ترپاٹھی نے کہا کہ اسی دوران ان کی تھیئٹر میں دلچسپی پیدا ہوئی اور اسی راستے پر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ میری زندگی کا وہ مرحلہ تھا جب میں نے تھیئٹر میں دلچسپی لینا شروع کی۔ اس نے مجھے اس شعبے کی طرف مزید راغب کیا۔‘‘
پنکج نے سال 2019 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہوں نے پٹنہ کی بیور جیل میں ایک ہفتہ گزارا اور اس تجربے نے ان کی زندگی کو مکمل طور پر بدل دیا۔ آپ کو جیل میں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کوئی میٹنگ نہیں، کوئی کھانا نہیں، کچھ بھی نہیں۔ آپ بالکل اکیلے ہیں۔ پنکج نے کہا تھا کہ جب کوئی شخص بے حد تنہا ہو جاتا ہے تو وہ خود کو تلاش کرنا شروع کر دیتاہے۔ ان سات دنوں میں میں خود سے ملا۔ جب میں نے ہندی ادب پڑھنا شروع کیا تو مجھے احساس ہوا کہ میں اس دنیا سے کتنا الگ ہو گیا ہوں۔ اس کے بعد میں، بالکل بدل گیا۔