تاثیر،۱۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 11 جنوری : راجدھانی پٹنہ کے پھلواری شریف میں دو لڑکیوں کے ساتھ زیادتی معاملے میں ہنگامہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس دل دہلا دینے والے معاملے میں لڑکیوں کو اغوا کیا گیا اور پھر اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ اس میں ایک لڑکی کی موت ہو گئی تھی۔ پھلواری شریف میں تفتیش کرنے گئی پولیس کو لوگوں نے بھگا دیا۔ پولیس ٹیم پر پتھراو بھی کیا گیا جس سے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ پٹنہ کے پھلواری شریف میں ہوئے عصمت دری اور قتل معاملے کی تحقیقات کرنے گئی پولیس پر مشتعل مقامی لوگوں نے پتھراو کر دیا۔ جواب میں پولیس نے بھی لوگوں کو بھگانے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ دراصل وہ گھر جہاں دونوں لڑکیاں لکڑیاں جمع کرنے گئی تھیں، پولیس اس کے گھر والوں سے پوچھ گچھ کر رہی تھی۔ پھر لوگوں نے اس گھر میں بھی رکاوٹیں کھڑی کرنا شروع کر دیں۔ اس سے مشتعل ہو کر پولیس نے لوگوں کو بھگا دیا جس کی وجہ سے مقامی لوگ مشتعل ہو گئے۔ پھلواری شریف تھانہ کی پولیس نے جائے وقوعہ پر عالم پور گاوں میں کیمپ کر رہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ پولیس تفتیش کے لیے ایک گھر پہنچی تو مقامی لوگ گھر میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ شروع کردی۔ گھر کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔ اس دوران مہادلت خاندان کے لوگوں نے بتایا کہ ایک ملزم گھر میں داخل ہوا تھا، جو کھڑکی سے فرار ہو گیا۔ اس کی وجہ سے لوگ مشتعل ہوگئے لیکن پولیس ملزمین کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے عوام پر لاٹھی چارج کررہی ہے۔

