سانبہ پولیس نے قتل معاملے کو حل کیا، چار ملزمان گرفتار

تاثیر،۱۸ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں، 18 جنوری: جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں پولیس نے گڈوال رام گڑھ میں ایک نوجوان کے قتل کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر کے دو پستول، تین میگزین، سات راؤنڈ، ایک ٹوکا اور جرائم میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی برآمد کر لی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت اٹل چودھری عرف روی ولد موہن لال ساکن ترندیان رام گڑھ، ارون چودھری عرف ابو جٹ ولد بدھی سنگھ ساکن کھور تحصیل آر ایس پورہ ضلع جموں، ساحل شرما عرف گلکا ولد راکیش کمار ساکن وجے پور اور راجیش کمار عرف چھوٹو عرف ماہی ڈھلون ولد ست پال ساکن وجے پور کے طور پر کی ہے۔
ایس ایس پی سانبہ، بینم توش نے اس حوالے سے نامہ نگاروں کو بتایا کہ گزشتہ سال 25 دسمبر کو شام تقریباً 6 بجے گڈوال کے بنارسی داس کے بیٹے اکشے شرما کو مجرموں کے ایک گروپ نے بے دردی سے قتل کر دیا تھا جنہوں نے اس پر دیسی ساختہ پستول سے فائرنگ کی اور ٹوکے سے حملہ بھی کیا۔ جرم کرنے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر 93/2023 یو/ایس 302, 148, 149 آئی پی سی, 3/4/25 آرمس ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن رام گڑھ میں درج کر کے تفتیش شروع کی اور جموں و کشمیر کے اندر اور باہر مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے اور ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
چاروں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور استعمال شدہ گاڑی برآمد کی گئی۔ بینم توش نے کہا کہ اکشے قتل کیس کی تفتیش پولیس انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کر رہی ہے اور قتل کیس میں ملوث تمام مجرموں اور ان کے معاونین اور پناہ گزینوں کو قانون کے تحت گرفتار کیا جائے گا۔