تاثیر،۱۹ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ایڈیلیڈ، 19 جنوری : آسٹریلیا نے جمعہ کو ایڈیلیڈ میں ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔مچل اسٹارک کی زیرقیادت گیندبازی اٹیک نے تیسری صبح ویسٹ انڈیز کو آوٹ کرنے میں صرف ایک گھنٹہ لگا، جب کہ کیمر روچ (11 ناٹ آوٹ) اور شمر جوزف (15) نے آخری وکٹ کے لیے 26 رنوں کی شراکت قائم کرکے ویسٹ انڈیز کو اننگز کی شکست سے بچایا۔ آسٹریلیا نے 26 رنوں کا ہدف بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کر لیا۔
دوسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کو اپنی دوسری اننگز میں صرف 73 رنوں پر 6 وکٹیں گنوانے کے بعد تیسرے دن معجزے کی ضرورت تھی۔ حالانکہ مچل اسٹارک نے اپنے ابتدائی اسپیل میں کچھ تیز وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کے لیے شروعات میں ہی ماحول تیار کر دیا۔
الزاری جوزف نے میچ میں اب تک آسٹریلیا کے تیز گیند بازوں کے خلاف درمیان میں اپنا وقت گزارنے کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حالانکہ اسٹارک نے انہیں کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ جوزف نے 16 رن بنائے۔ جوش ہیزل ووڈ نے گڈاکیش موتی (03) کا آف اسٹمپ گرا کر اپنی پانچویں وکٹ مکمل کی، جنہوں نے گزشتہ شام چار وکٹوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر کی کمر توڑ دی تھی۔
ویسٹ انڈیز پہلی اننگز کی 95 رنوں کی برتری سے صرف ایک رن پیچھے تھا تبھی آسٹریلیا نے نویں وکٹ حاصل کرلی۔ یہاں سے شمر جوزف آئے، جنہوں نے اپنی پہلی اننگز میں 36 رن بنائے تھے، انہوں نے اپنی پہلی اننگز جہاں انہوں نے بلہ چھوڑا تھا وہیں سے آگے بڑھتے ہوئے شاندار کور ڈرائیو کے ساتھ شروعات کی۔ انہوں نے ہیزل ووڈ کی گیند پر کچھ اور چوکے لگائے اور کیمر روچ کے ساتھ 26 رنوں کی تیز شراکت داری کی۔ ناتھن لیون نے ان کی اننگز کا اختتام کیا۔ جوزف نے 15 رن بنائے جبکہ روچ 11 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 5، مچل اسٹارک اور نیتھن لیون نے 2،2 اور کیمرون گرین نے 1 وکٹ حاصل کی۔
26 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کو اسٹیو اسمتھ (ناٹ آوٹ 11) اور عثمان خواجہ نے اچھی شروعات دلائی۔ تاہم خواجہ 9 رن بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ انہوں نے 9 رن بنائے۔ اس کے بعد مارنش لابوشین (1 ناٹ آوٹ) اور اسمتھ نے آسٹریلیا کو 10 وکٹوں سے فتح دلائی۔
اس میچ میں ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 188 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرک میکنزی (50) نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ شمر جوزف نے 36 رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 4-4 جبکہ مچل اسٹارک اور نیتھن لیون نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں ٹریوس ہیڈ (119) کی سنچری کی بدولت 283 رن بنائے اور 95 رنوں کی برتری حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمر جوزف نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شمر کے علاوہ جسٹن گریوز اور کیمر روچ نے 2، 2 اور الزاری جوزف نے 1 وکٹ حاصل کی۔