تاثیر،۱۹ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
گاندھی نگر، 19 جنوری : لوک سبھا انتخابات سے پہلے گجرات میں کانگریس کو دوسرا بڑا جھٹکا لگا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور مہسانہ ضلع کے وجاپور سے ایم ایل اے سی جے چاوڈا نے جمعہ کی صبح اسمبلی اسپیکر شنکر بھائی چودھری کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ اس کے ساتھ ہی اسمبلی میں کانگریس کے ممبران اسمبلی کی تعداد کم ہو کر 15 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل 19 دسمبر کو کھمبھات کے ایم ایل اے چراغ پٹیل نے اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔
چاوڈا کے بی جے پی میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل کھمبھات سے کانگریس ایم ایل اے چراغ پٹیل نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے علاوہ 13 دسمبر کو جوناگڑھ ضلع کی ویساودار سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے بھوپت بھیانی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اب تک 182 رکنی گجرات اسمبلی میں اپوزیشن کے تین ایم ایل اے نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اسمبلی اسپیکر شنکر بھائی چودھری کے گھر جاکر استعفیٰ دینے والے چاوڈا کو گجرات کانگریس کا مضبوط لیڈر مانا جاتا ہے۔ وہ اسمبلی میں کانگریس کی قیادت کر رہے تھے۔ انہوں نے سال 2022 میں ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات میں وجاپور سے سینئر بی جے پی لیڈر رمن پٹیل کو 7053 ووٹوں سے شکست دی تھی ۔