تاثیر،۲۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بیجنگ، 20 جنوری : چین کے صوبے ہینان میں چھوٹے بچوں کے اسکول کے ہاسٹل میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک ہو گئے۔ چائنہ ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق آگ جمعہ کی رات 11 بجے سے ٹھیک پہلے نانیانگ کے فانگچینگ کاونٹی کے دشو شہر کے یانشانپو گاوں واقع ینگکائی اسکول کے ہاسٹل میں لگی۔
چائنہ ڈیلی کے مطابق 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور ایک شخص بری طرح جھلس گیا ہے۔ وہ مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس کی حالت مستحکم ہے۔ ریسکیو کارکن فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور رات 11 بج کر 38 منٹ پر آگ پر قابو پالیا گیا۔ یہ اسکول کنڈرگارٹن اور پرائمری گریڈز کے لیے تعلیم فراہم کرتا ہے۔ ینگکائی اسکول کاونٹی کے ڈاونٹاون علاقے سے تقریباً 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں شمالی چین کے شانکسی صوبے میں کوئلہ کمپنی کے دفتر میں آگ لگنے سے 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ گزشتہ سال اپریل میں بیجنگ کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔