تاثیر،21جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 21 جنوری:شمالی ہندوستان سمیت کئی ریاستوں میں ان دنوں شدید سردی ہے۔ لوگوں کو سرد دن اور سرد لہر کے دوہرے حملے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں شمال مغربی ہندوستان اور وسطی ہندوستان کی ریاستوں میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے۔ جہاں کم از کم درجہ حرارت دو سے تین ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شمالی ہندوستان میں دو دنوں تک گھنے سے انتہائی گھنے کہرے چھائے رہ سکتے ہیں، جس کے بعد کہرے میں کچھ کمی آئے گی۔ سرد دن کے بارے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ شمالی ہندوستان میں دو دن تک سرد دن سے لے کر شدید سرد دن کی صورتحال رہے گی اور اس کے بعد سرد دن سے کچھ راحت ملنے کا امکان ہے۔ 21 اور 22 جنوری کو شمالی ہندوستان کی دیگر ریاستوں میں سرد لہر کا امکان ہے۔ان دنوں پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اتر پردیش، راجستھان، بہار، جھارکھنڈ، سب ہمالیائی مغربی بنگال، سکم اور مدھیہ پردیش میں کم از کم درجہ حرارت 6 سے 10 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ جیٹ اسٹریم ونڈس کے تین سے چار دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ جیٹ اسٹریم ونڈس کی وجہ سے شمالی ہندوستان میں کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ اس کے علاوہ سکم اور اروناچل پردیش میں اگلے پانچ دنوں تک ہلکی بارش جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پنجاب، ہریانہ اور چندی گڑھ میں 22 جنوری کی صبح تک گھنے سے لے کر انتہائی گھنا کہرا چھایا رہے گا۔اس کے علاوہ اتر پردیش-بہار میں 21 تاریخ کی صبح تک گھنے سے بہت گھنے کہرے کی وارننگ دی گئی ہے۔ آسام، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، منی پور اور تریپورہ میں 20 سے 23 جنوری تک کہرے کو لے کر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جموں ڈویژن، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، شمالی مدھیہ پردیش میں 21 جنوری تک کہرے کا الرٹ جاری ہے۔پنجاب اور ہریانہ میں 24 جنوری تک، شمالی مدھیہ پردیش میں 22 جنوری تک، شمالی راجستھان میں 23 جنوری تک، بہار میں 24 جنوری تک سرد لہر کے جاری رہنے کا امکان۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اوڈیشہ، چھتیس گڑھ اور جنوب مشرقی مدھیہ پردیش میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

