شعیب ملک کو شادی کے کچھ ہی گھنٹے بعد ملی خوشخبری

تاثیر،21جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 21 جنوری :پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب ملک ہفتے کے روز خبروں میں رہے۔ 20 جنوری کو انہوں نے اپنی نئی شادی کا اعلان کیا اور سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ اپنے رشتے کو ختم کردیا۔ اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی شعیب ملک کو بڑی کامیابی حاصل کرنے کی خبر موصول ہوئی ہے، جس کے بعد انہوں نے یہ خبر انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں تک پہنچائی۔ شعیب ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں بڑا ریکارڈ بنانے والے ایشیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ شعیب ملک اس وقت بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں فارچیون بریشال کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ شعیب ملک نے رنگپور رائیڈرز کے درمیان میچ میں ٹی ٹوینٹی کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس میچ میں شعیب نے 17 رنز بنائے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے ساتھ وہ T20 کرکٹ میں 13000 رنز بنانے والے ایشیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ اب تک ایشیا کا کوئی بلے باز یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا۔ اس معاملے میں شعیب ملک صرف کرس گیل سے پیچھے ہیں۔ گیل نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں 13 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔وہیں اگر ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کی بات کی جائے تو شعیب ملک کے نام 124 میچوں میں 2435 رنز ہیں۔