تاثیر،۳۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف(محمد دانش)اردو زبان کو ریاست بہار میں دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ریاستی حکومت اردو زبان کی ترقی اور ترویج کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔اسی مقصد کے تحت آج ٹاؤن ہال بہار شریف میں ڈسٹرکٹ اردو لینگویج سیل کی جانب سے ضلع سطحی اردو ورکشاپ سیمینار اور مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کا افتتاح ضلع مجسٹریٹ شری ششانک سبھنکر نے شمع روشن کر کیا۔پروگرام کی صدارت معروف ادبی شخصیت بینام گیلانی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف شاعر و ادیب تنویر ساکت نے بحسن خوبی انجام دیئے۔اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے اردو زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو زبان کا ریاست کی دوسری سرکاری زبان کے طور پر اہم کردار ہے۔ملک اور ریاست کی ثقافتی ترقی میں اردو زبان کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے۔پروگرام میں اردو سے محبت کرنے والے کئی لوگوں نے اردو زبان کی لطافت شیرینی اور حسن کو بیان کرتے ہوئے اس کی ترقی اور فلاح کے مفید مشوروں سے نوازہ۔ کئی اردو داں طلباء نے اردو کے فروغ کے عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اس کے بعد مشاعرے کا دور شروع ہوا جس میں شعراء کرام نے اپنے خوبصورت اشعار کے ذریعہ سامعین کو خوب لطف اندوز کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اردو لینگویج سیل کی انچارج سینئر ڈپٹی کلکٹر محترمہ مردولا کماری،جناب شمیم اصغر،ڈاکٹر ایس کے علوی،جناب بینام گیلانی،جناب ہمایوں اختر طارق،محمد ارشد رضا،افتاب حسن شمس،جناب فخرالدین عارفی،تنویر ساکت،غفران نظر،تنگ ایوبی وغیرہ موجود تھے۔

