چیمبور اور بھائندر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ، آٹھ زخمی

تاثیر،۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 2 فروری : چیمبور اور بھائندر علاقے میں جمعہ کی علی الصبح دو مختلف مقامات پر گیس سلنڈر پھٹنے سے لگنے والی آگ میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ان آٹھ جلے ہوئے لوگوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ دونوں واقعات کی مقامی پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جمعہ کی علی الصبح چیمبور علاقے کے سدھارتھ کالونی کے رہنے والے سریش گائیکواڑ کے گھر میں ایل پی جی سلنڈر میں اچانک دھماکہ ہونے سے آگ لگ گئی۔ اس واقعہ میں سریش گائیکواڑ کے خاندان کے سات افراد آگ کی لپیٹ میں آگئے تھے لیکن فائر بریگیڈ کے عملے نے فوراً پہنچ کر سب کو بحفاظت باہر نکالا اور آگ پر قابو پالیا۔ ان تمام کو قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ چیمبور پولیس اسٹیشن کی ٹیم سلنڈر دھماکے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اسی طرح جمعرات کی رات ایک اور واقعہ میں بھائندر کے رام دیو پارک میں واقع ایک گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں ایک نوجوان بری طرح جھلس گیا ہے اور اسے علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ مقامی پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔