تاثیر،۷فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 7 فروری : صدر دروپدی مرمو نے بدھ کو دہلی میٹرو میں سفر کیا۔ اس دوران انہوں نے اسکول کے بچوں سے بھی بات چیت کی۔ دہلی میٹرو کے ترجمان انوج دیال کے مطابق صدر کشمیری گیٹ-راجہ ناہر سنگھ وائلٹ لائن کوریڈور پر واقع سینٹرل سیکریٹریٹ میٹرو اسٹیشن پر میٹرو ٹرین میں سوار ہوئیں اور نہرو پلیس میٹرو اسٹیشن تک کا سفر کیا اور وہاں سے واپس سینٹرل سیکریٹریٹ پہنچیں۔ اس دوران انہوں نے اسکول کے کچھ بچوں سے بھی بات چیت کی۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر وکاس کمار اس دورے پر صدر کے ساتھ تھے۔ ڈاکٹر کمار نے صدر کو ڈی ایم آر سی کے کام کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور جاری تعمیراتی پروجیکٹوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ صدر نے روپے کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے دہلی میٹرو میں سفر کیا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ صدر کے اس غیر متوقع قدم کا مقصد شہر کے باسیوں کا روزمرہ کی زندگی سے رابطہ قائم کرنا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ صدر مرمو دہلی میٹرو سے سفر کرنے والے ہندوستان کی دوسری صدر ہیں۔ سال 2012 میں اس وقت کی صدر پرتیبھا پاٹل نے بھی دہلی میٹرو میں سفر کیا تھا۔

