تاثیر،۱۳فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سڈنی؍پرتھ ،13فروری : آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹی ٹوینٹی میچ پرتھ میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے 37 رنز سے شاندار فتح درج کی۔ روومین پاول کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے۔ تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم 20 اوورز میں صرف 183 رنز بنا سکی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپننگ کرنے آئے جانسن چارلس اور کائل میئرز فلاپ ہوگئے۔چارلس نے 4 اور میئرز نے 11 رنز بنائے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے نکلس پران بھی صرف 1 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے روسٹن چیز نے 20 گیندوں پر 37 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ اس کے بعد شیرفین ردرفورڈ اور آندرے رسل نے بلے بازی سے کہرام مچا دیا ۔ ردرفورڈ نے 40 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ جبکہ آندرے رسل نے صرف 29 گیندوں میں 71 رنز بناڈالے۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کا سکور 220 رنز تک پہنچ گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کی۔اب آسٹریلیا کی باری تعاقب کرنے کی تھی۔آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ کرنے آئے ڈیوڈ وارنر نے 49 گیندوں میں 81 رنز بنائے۔ مچل مارش کا بیٹ بھی ان کے ساتھ نہیں چل سکا۔ مارش نے 13 گیندوں میں 17 رنز بنائے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایرون ہارڈی نے 16 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے 2 چوکے لگائے۔اس کے ساتھ ہی چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے جوش انگلس نے 3 گیندوں میں 1 رن بنایا۔ ٹم ڈیوڈ نے بھی اچھی بلے بازی کی۔ اس کے علاوہ کسی کھلاڑی کابلا چل نہیں سکا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ آسٹریلوی ٹیم صرف 183 رنز بنا سکی۔تاہم آسٹریلیا نے 3 میچوں کی ٹی ٹوینٹی سیریز جیت لی۔ پہلا اور دوسرا ٹی ٹوینٹی میچ آسٹریلیا نے جیتا تھا۔ اس طرح آسٹریلوی ٹیم 2-1 سے آگے رہی۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز صرف 1 میچ جیت سکی۔

