دھنباد میں سڑک حادثہ میں نوجوان کی موت، پولیس اسٹیشن پر پتھراو، لاٹھی چارج

تاثیر،۱۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دھنباد، 14 فروری : ضلع کے لویاباد موڑ پر منگل کی رات ٹرک کی زد میں آکر بائک پر سوار ایک نوجوان کی موت ہو گئی۔ نوجوان کی شناخت روی بھوئیاں (26) ولد لکھن بھوئیاں ساکن کنکنی نمبر سات کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے لاش کو ایس این ایم ایم سی ایچ بھیج دیا۔ پولیس نے ڈرائیور کپل واجپئی کو حراست میں لے لیا ہے۔بغیر کسی اطلاع کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے دھنباد بھیجے جانے پر اہل خانہ اور گاوں والے مشتعل ہوگئے۔ گاوں والوں نے ٹرک کی توڑ پھوڑ کی اور اسے نقصان پہنچایا۔ لوگوں نے لویا باد آباد تھانے میں زبردست ہنگامہ کیا۔ ڈرائیور کو حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کے سامنے دھنباد-کتراس روڈ بلاک کر دی۔ تھانے کے قریب ٹائر جلا کر احتجاج شروع کر دیا۔
لوگوں کو قابو کرنے کے لیے جوگتا، تیتول ماڑی، کیندواڈیہ اور پٹکی تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ڈی ایس پی لاء اینڈ آرڈر، ٹرینی ڈی ایس پی ارچنا کھلکوسمیت ضلع پولیس کے دستے موجود تھے۔
گاوں والوں نے پولیس اسٹیشن پر پتھراو کیا۔ پولیس اہلکاروں سے لڑائی شروع کر دی۔ اس دوران پٹکی کی ٹرینی ڈی ایس پی ارچنا کھلکوکی گاڑی کی ونڈ شیلڈ توڑ ڈالی ۔ مارپیٹ اور پتھراو میں کیندوا انسپکٹر رام نارائن ٹھا زخمی ہو گئے۔ لوگوں کو مشتعل دیکھ کر پٹکی کیندوا تیتولماڑی جوگتا پولیس اور ضلعی پولیس فورس کو بلایا گیا۔ اس کے بعد مشتعل لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا گیا، جس کی وجہ سے کچھ گاوں والے زخمی ہوگئے۔