تاثیر،۱۶فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام، 18 فروری:بہار کے روہتاس میں آج صبح ڈویزنل جیل میں ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی کی قیادت میں ٹیم کے ساتھ چھاپہ ماری کارروائی کی گئی۔ اس دوران جیل کے اندر ایک ایک کمرے سمیت پورے وارڈ کی تلاشی لی گئی۔ علی الصبح اچانک ہونے والے اس چھاپہ ماری سے قیدیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دراصل ضلع مجسٹریٹ نوین کمار اور ایس پی ونیت کمار نے مشترکہ طور پر ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع سہسرام کی ڈویزنل جیل پر چھاپہ ماری کی۔ چھاپہ ماری میں زیادہ کچھ نہیں ملا ، حالانکہ کچھ قیدیوں سے تمباکو برآمد ہوا۔ اس کے بعد ڈی ایم نے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ڈی ایم ایس پی نے ڈویزنل جیل کے تمام وارڈ وںاور دیگر تمام چیزوں کا معائنہ کیا اور جیل میں نظام کو بہتر بنانے کے لیے کئی ہدایات دیں۔ جیل کے اندر ہر وارڈ اور کمرے کی تلاشی لی گئی لیکن کچھ قابل اعتراض چیزیں برآمد نہ ہو سکیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے بھی دیکھے گئے۔ انتظامیہ ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
واضح ہو کہ حکام کی جانب سے اضلاع کی جیلوں پر وقتاً فوقتاً چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔ اب جبکہ لوک سبھا انتخابات قریب ہیں، جیلوں پر مزید سخت نظر رکھی جا رہی ہے ، کیونکہ اکثر مجرم جیل کے اندر سے کئی مجرمانہ واردات کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

