تاثیر،۲۱فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 21 فروری : جن وشواس یاترا کے دوسرے دن اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے موتیہاری کے اسپورٹس کلب میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ تیجسوی یادو نے گزشتہ 17 مہینوں میں عظیم اتحاد حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور جلسہ عام میں موجود لوگوں سے 2024 کے لوک سبھا انتخابات اور 2025 کے اسمبلی انتخابات میں ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کرنے کی اپیل کی۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ آج ہم آپ کے درمیان آئے ہیں۔ ہم نے مل کر 17 ماہ حکومت چلائی لیکن پتا نہیں ہمارے چچا پھر کیوں پلٹی مار دیئے۔ حلف لینے کے بعد حکومت پانچ سال تک چلتی ہے لیکن وزیر اعلیٰ نے ساڑھے تین سال میں تین بار حلف لیا۔ ملک میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے نو بار وزیر اعلیٰ کا حلف لے کر ریکارڈ قائم کیا ہے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے اپنی وزارت کوٹہ کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے موتیہاری کے مقامی مسائل کو بھی اٹھایا اور مقامی ایم پی کو نشانہ بنایا۔ جن وشواس یاترا میں تیجسوی یادو کے ساتھ راجیہ سبھا ایم پی منوج جھا، سابق وزیر آلوک مہتا، پارٹی کے کئی ایم ایل اے، سابق ایم ایل اے اور مقامی لیڈران اور بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔

