لال چند راجپوت متحدہ عرب امارات کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

تاثیر،۲۱فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 21 فروری: ہندوستان کے سابق کرکٹر لال چند راجپوت کو بدھ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا تین سال کی مدت کے لیے ہیڈ کوچ نامزد کیا گیا۔ راجپوت، جنہوں نے 1980 کی دہائی میں ہندوستان کے لیے دو ٹیسٹ اور چار ون ڈے کھیلے تھے، اس ہفتے باضابطہ طور پر ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ یو اے ای کی ٹیم کے ساتھ ان کی پہلی اسائنمنٹ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 او ڈی آئی ٹرائنگولر سیریز ہوگی، جس میں دو دیگر ٹیمیں اسکاٹ لینڈ اور کینیڈا حصہ لے رہی ہیں۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کا آغاز 28 فروری سے ہوگا۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات اگلے ماہ تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے اسکاٹ لینڈ کی میزبانی کرے گا۔
62 سالہ راجپوت 2007 میں افتتاحی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے کوچ تھے۔ راجپوت نے 17۔2016 میں افغانستان کی کوچنگ بھی کی، اس عرصے کے دوران ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ اسٹیٹس دیا تھا۔ انہوں نے 2018-2022 تک زمبابوے کے کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور 2022 میں مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ان کی مدد کی۔
راجپوت نے ایک باضابطہ بیان میں کہا کہ “میں امارات کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے مجھے اس دلچسپ کردار کے لیے مقرر کیا۔ متحدہ عرب امارات حالیہ برسوں میں ایک مضبوط ایسوسی ایٹ ممبر کے طور پر ابھرا ہے اور کھلاڑیوں نے ون ڈے انٹر نیشنل اور ٹی۔20 انٹر نیشنل دونوں میں کچھ اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ موجودہ بیچ غیر معمولی طور پر باصلاحیت ہے اور میں ان کے ساتھ کام کرنے اور ان کی کرکٹ کی مہارتوں کو مزید قوت دینے کا منتظر ہوں۔
انہوں نے کہا، ‘‘مجھے یقین ہے کہ لڑکے ترقی کرتے رہیں گے، دبئی میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ کے تجربے اور پریکٹس کی سہولیات کی وجہ سے یو اے ای کرکٹ کا مستقبل بہت روشن ہے اور میرا مقصد ٹیم کو مزید بہتر کرنا اور انہیں آگے بڑھانا ہو گا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ایسا کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔