تاثیر،۲۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ،22 فروری: تدوین متن تحقیق کانہایت اہم جزو ہے اور اس کے لیے ریسرچ سکالرز کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اردو ادب کے کلاسکی فن پاروں پرآپ نگاہ ڈالیں گے تو آپ کو معلوم ہوگا دور قدیم کے مصنفین نےاس طرف زیادہ توجہ دی ہے۔یعنی متن کی حصولیابی میں ان کی محنت اولین فرائض میں شامل رہی ہے۔ تحقیق کی دنیا میں تمام محققین نے تدوین متن کو ترجیح دی ہے ۔اس سے کلاسیکی ادب ہمارے سامنے درست صورت میں سامنے آ پاتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار مظفر پور یونیورسٹی سے تشریف لائے پروفیسر محبوب اقبال “اردو تحقیق اور تدوین متن ” کے موضوع پر شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں اپنے خاص لیکچر میں کر رہے تھے۔واضح ہو کہ شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں آج ایک خاص لیکچر کا اہتمام کیا گیا تھا ۔جس میں شعبے کے طلبا و طالبات کے علاوہ ریسرچ اسکالرز موجود تھے۔اس خاص لکچر کا آغاز سابق صدر شعبہ اردو شہاب ظفر اعظمی نے آج کے معزز مہمان کا استقبال کرتے ہوئے کیا اور ساتھ ہی مخصوص لیکچر کی اہمیت وافادیت بتاتے ہوئے تمام طلبا کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پروفیسر محبوب اقبال نے طلبا کے سوالات کا جواب بھی بھی دیا جن سے موجود طلبا کے علم میں جہاں اضافہ ہوا وہیں ان کے تحقیقی مراحل میں آنے والی دشواریوں سے بھی واقفیت حاصل ہوئی۔آخر میں صدر شعبئہ اردو ڈاکٹر سورج دیو سنگھ نے خصوصی طور پر پروفیسر محبوب اقبال کا شکریہ ادا کیا ۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد ضمیر رضا نے انجام دیے ۔

