تاثیر،۲۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 23 فروری: دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ نابینا لوگوں کے لیے زندگی بہت مشکل ہوتی ہے۔ڈی یو میں زیر تعلیم نابینا طلبا کو خصوصی لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی کی جانب سے پالیسی بنائی جائے گی۔
وائس چانسلر ڈی یو کی فیکلٹی آف آرٹس میں نیشنل ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے زیر اہتمام دو کتابوں کی تقریب رونمائی کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ دونوں کتابیں نابینا مصنفین نے لکھی ہیں۔ اس موقع پر کتاب ’’انتم جن تک‘‘ کی مصنف پروفیسر کسم لتا ملک اور ‘پرگیہ-نین’ کے مصنف ڈاکٹر رام اوتار شرمابھی موجود تھے۔ پروگرام میں کتابوں کے بریل ورژن بھی جاری کیے گئے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ بصارت سے محروم 90 فیصد لوگ غریب ممالک میں رہتے ہیں اور اس آبادی کا ایک تہائی حصہ ہندوستان میں رہتا ہے۔ اس کے لیے ہمیں اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے دور میں اس طبقے کے لیے خصوصی مہارتوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ نابینا افراد کے لیے اب خصوصی موبائل فون اور لیپ ٹاپ دستیاب ہیں لیکن اگر لوئس بریل بریل رسم الخط تیار نہ کرتے تو شاید آج یہ آلات نہ بنتے۔
اس موقع پر مصنف پروفیسر کسم لتا ملک اور ڈاکٹر رام اوتار شرما کے علاوہ آرٹس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر اے چکرورتی، ہندی شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر کمود شرما، سنتوش کمار رونگٹا، جے پی اگروال، پروفیسر بھارتیندو پانڈے اور پروفیسر راجکمار سمیت کئی اساتذہ اور طلبہ موجود تھے۔

