تاثیر،۲۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 فروری : ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور بنگلورو ایف سی کے تجربہ کار اسٹرائیکر سنیل چھیتری آج شام حیدرآباد ایف سی کے خلاف انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) میں اپنے ریکارڈ 150 میچ مکمل کریں گے۔ آئی ایس ایل کی تاریخ میں ہمہ وقتی گول اسکورر کی فہرست میں چھیتری (60) صرف نائجیریا کے لیجنڈ بارتھولومیو اوگبیچے (63) سے پیچھے ہیں اور وہ ہندوستان کے سب سے مشہور اور قابل اعتماد اسٹرائیکر ہیں۔
2015 میں ممبئی سٹی ایف سی کے ساتھ آئی ایس ایل کا سفر شروع کیا۔
چھیتری نے 2015 میں ممبئی سٹی ایف سی کے ساتھ اپنے آئی ایس ایل سفر کا آغاز کیا، آئی لینڈرز کے لیے 11 میچ کھیلے اور سات گول اسکور کیے۔ آئی لینڈرز نے دوسرے سیزن سے پہلے ہوئی نیلامی میں چھیتری کے لیے 1.2 کروڑ روپے کی بھاری رقم ادا کی تھی، لیکن سنیل جب سے 2017 میں بنگلورو ایف سی کے ساتھ لیگ میں میدان میں اترے، تب سے وہ بلیوز کے لیے ایک اہم بنیاد رہے ہیں۔ انہوں نے بلیوز کے ساتھ اپنے پہلے آئی ایس ایل سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جب انہوں نے 14 گول کیے اور دو میں تعاون فراہم کرکے اپنی ٹیم کو رنر اپ بنایا۔
آئی ایس ایل میں ان کے نام دو ہیٹ ٹرک ہیں اور وہ واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے اس کارنامے کو ایک سے زیادہ بار دہرایا ہے۔ چھیتری نے لیگ میں پانچ بار دو- دو گول کیے۔ انہوں نے 19-2018 میں بنگلورو ایف سی کے ساتھ لیگ جیتا تھا اور 18-2017 میں پلیئر آف دی سیزن کا ایوارڈ جیتا جب ان کی ٹیم فائنل میں چنئیین ایف سی سے ہار گئی تھی۔
چھیتری اس وقت آئی ایس ایل 24-2023 میں سب سے زیادہ گول کرنے والے بھارتی کھلاڑی بنے ہوئے ہیں۔ لیکن وہ اس سے کہیں زیادہ ایسے لیڈر رہے ہیں جن سے ترغیب حاصل کرنے کے لیے ٹیم کے رکن ان کی طرف دیکھتے ہیں۔جب اہم مقابلہ ہوتا ہے تو وہ اپنی کارکردگی کی سطح کو اوپر اٹھانے کے ساتھ اپنے ساتھیوں کو آمادہ کرنے کی منفرد صلاحیت رکھتے ہیں۔
بنگلورو ایف سی پلے آف کے مقامات کے لیے کئی ٹیموں کو سخت مقابلہ دے رہی ہے۔ دسمبر میں جیرارڈ زراگوزا کے کوچنگ کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد سے بلیوز بیچ میں پھنس گئے ہیں، لیکن پورا کانتی راوا اور کلب بے صبری سے امید کر رہے ہوں گے کہ کپتان، لیڈر، قدآور کا تاریخی میچ اس سیزن میں ٹیم کی قسمت کو جگانے والا رہے گا۔

