تاثیر،۲۵فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 25 فروری: بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی کو اپنا استعفیٰ بھیجنے کے ساتھ ہی امبیڈکر نگر کے ایم پی رتیش پانڈے نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہیں بی جے پی سے جوڑتے ہوئے انتخابی انچارج بائی جینت جئے پانڈا، ریاستی صدر بھوپیندر چودھری اور نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے رتیش پانڈے کا خیرمقدم کیا۔
بی جے پی کی رکنیت لینے کے بعد رکن پارلیمنٹ رتیش پانڈے نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کی ترقیاتی پالیسیوں سے متاثر ہو کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقی کے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے۔ وارانسی سے اجودھیا تک سڑک کا مطالبہ بھی اب پورا ہو گیا ہے۔لوک سبھا الیکشن لڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی انہیں موقع دیتی ہے تو وہ امبیڈکر نگر لوک سبھا سیٹ سے دوبارہ الیکشن لڑیں گے۔ بی جے پی میں شامل ہوکر ترقیاتی کاموں کو فروغ دیں گے۔

