وزیر خزانہ نے کہا- ہندوستان تیسری سب سے بڑی عالمی معیشت بننے کے راہ پر

تاثیر،۲۷فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 27 فروری :مرکزی خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن نے ہندوستانی صنعت سے 2047 تک ‘ ترقی یافتہ ہندوستان’ کے ہدف کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، جو 5ویں سب سے بڑی معیشت بن چکا ہے ، اب تیسری سب سے بڑی عالمی معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیر خزانہ نے یہ بات منگل کو یہاں صنعتی تنظیم فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف آئی سی سی آئی) کے زیر اہتمام ‘ترقی یافتہ ہندوستان @2047: ترقی یافتہ ہندوستان اور صنعت’ کے موضوع پر ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے صنعت کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی تیسری مدت میں اصلاحات جاری رہیں گی۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں صنعت کا کردار اہم ہے۔ سیتا رمن نے کہا کہ آپ آزادی کی جدوجہد کے دوران ہندوستان کے ساتھ تھے ، آپ نے نوآبادیاتی دباؤ کے باوجود صنعت اور صلاحیت کی تعمیر کی۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کے ساتھ معاشی آزادی بھی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ انڈسٹری اس میں اپنا کردار ادا کرے گی۔