اینٹوں کے بھٹہ میں نوعمر لڑکیوں کی لاشیں درخت سے لٹکی ہوئی برآمد، تین ملزمان گرفتار

تاثیر،۲۹فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 29 فروری: کانپور ضلع میں گھاٹم پور تھانہ علاقے کے ایل آئی سی بھٹہ گاؤں براؤل کے قریب بدھ کی رات دو نوعمر لڑکیوں کی لاشیں ایک بیر کے درخت سے اسکارف کی مدد سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کی لاشوں کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ اہل خانہ کی شکایت پر پولیس نے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تینوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کروا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ رویندر کمار نے بتایا کہ راجیش اور رام پرکاش کا خاندان، اصل میں ہمیر پور ضلع کے کھیرا کے ڈیرہ گاؤں کے رہنے والے ہیں، گھاٹم پور علاقے کے براؤل گاؤں میں واقع ایل آئی سی بھٹہ میں مزدوری کرتے ہیں۔ اْن کے دونوں بچے بھٹے پر اینٹوں کا کام کرتے ہیں۔ راجیش کی 16 سالہ بیٹی پریتی اور رام پرکاش کی 14 سالہ بیٹی انجلی بھی وہاں مزدوری کرتی تھیں لیکن بدھ کی رات دونوں کی لاشیں گیہوں کے کھیت میں واقع بیر کے درخت سے دوپٹہ کی مدد سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔
اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے دونوں کی لاشوں کو قبضے میں لے کر تحقیقات کے لیے فارنسک ٹیم کو طلب کر لیا۔ اس سلسلے میں اہل خانہ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ اس دوران گھر والوں کی جانب سے جو بھی الزامات عائد کئے گئے اور دی گئی شکایت کے مطابق جمعرات کی صبح اس سلسلے میں 376ڈی، 306 اور پی او سی ایس او ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں تین مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔