چار سال پرانے دہلی فسادات معاملے میں شاہ رخ پٹھان کی ضمانت عرضی پر دہلی پولیس کو نوٹس

تاثیر،۲۹فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 فروری : دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس جیوتی سنگھ کی بنچ نے آج چار سال پرانے 2020 دہلی فسادات معاملے کے ملزم شاہ رخ پٹھان کی ضمانت عرضی پر سماعت کی۔ بنچ نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے اور اسے اگلی سماعت کی تاریخ یعنی 16 اپریل تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ملزم شاہ رخ پٹھان کی جانب سے ایڈووکیٹ خالد اختر پیش ہوئے۔ اس سے قبل کڑکڑڈوما کورٹ نے شاہ رخ پٹھان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ وکیل اختر نے بنچ کے سامنے کہا کہ اس کیس میں ٹرائل میں کافی تاخیر ہو رہی ہے۔ شاہ رخ پٹھان گزشتہ تین سال اور نو ماہ سے حراست میں ہے ۔ اب تک استغاثہ کے صرف دو گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا سکے ہیں۔ ایک چارج شیٹ اور تین سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کی گئی ہیں۔ استغاثہ کے پاس 90 گواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں زیادہ سے زیادہ سزا دس سال ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 24 دسمبر 2021 کو عدالت نے تمام ملزمان کے خلاف قتل کی کوشش، فسادات اور غیر قانونی بھیڑ کا حصہ بننے کی دفعات کے تحت الزامات طے کیے تھے۔ شاہ رخ کو 3 مارچ 2020 کو شاملی، اتر پردیش سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس نے اس کے گھر سے اس کا ریوالور، تین کارتوس اور موبائل فون برآمد کیا تھا۔ دہلی تشدد کے دوران، شاہ رخ کی ہیڈ کانسٹیبل دیپک دہیا کی طرف ریوالور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تصویر وائرل ہوئی تھی۔ فروری 2020 میں تشدد میں کم از کم 53 افراد ہلاک اور 200 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔