تاثیر،۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دمکا، 02 مارچ: جھارکھنڈ کے دمکا ضلع کے ہنسڈیہا تھانے کے تحت کرماہاٹ علاقے میں جمعہ کی رات دیر گئے ایک ہسپانوی خاتون سیاح کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے واقعہ سے مقامی لوگ حیران ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ باقی کی تلاش جاری ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ متاثرہ خاتون اور اس کا شوہر دن کے وقت موٹر سائیکل پر سوار ہوئے تھے۔ جب رات ہوئی تو شہر سے دور ایک پْرسکون جگہ پر خیمہ لگایا اور سو گئے۔ کچھ دیر بعد جب خاتون خیمے سے باہر آئی تو چھ سات لوگوں نے اسے پکڑ کر کچھ فاصلے پر لے جا کر زیادتی کی۔ اس کے بعد سب بھاگ گئے۔ عورت روتی ہوئی خیمے میں پہنچی اور اپنے شوہر کو اپنی تکلیف بیان کی۔ اس کے بعد دونوں نے بائیک پر 45 کلو میٹر کا سفر طے کیا اور دمکا میں پولیس کے پاس پہنچے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیاح خاتون کو فوری طور پر سرایاہاٹ سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا اور حکام کو آگاہ کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی پتمبر سنگھ کھیروار نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس کی حفاظت میں متاثرہ خاتون کو طبی معائنے کے لیے پھول جھانو میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ایس پی کھیروار نے کہا ہے کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس واقعہ پر اپنا غصہ ظاہر کرتے ہوئے گڈا کے ایم پی نشی کانت دوبے نے چمپئی سورین حکومت اور انتظامیہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔

