منترالیہ کی تیسری منزل پر لگی آگ، فوج طلب، تین گھنٹے میں پایا قابو

تاثیر،۱۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 9 مارچ: مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں اریرا ہلز میں واقع ولبھ بھون (وزارت) کی تیسری منزل پر ہفتہ کی صبح آگ لگ گئی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے میونسپل کارپوریشن کے فائر اسٹیشنوں کے علاوہ بی ایچ ای ایل، ایئرپورٹ اور آرمی سے 100 سے زیادہ فائر بریگیڈ کو بلایا گیا۔ فوج کے جوان بھی موقع پر پہنچ گئے۔ سو سے زائد فائر فائٹرز کی مدد سے تقریباً تین گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ چونکہ مہینے کا دوسرا ہفتہ تھا اس لیے یہاں ملازمین کی تعداد بہت کم تھی۔
آگ ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجے منترالیہ (وزارت) کی پرانی عمارت کی تیسری منزل پر لگی۔ تیز ہوا کی وجہ سے آگ پھیل گئی اور کچھ ہی دیر میں چوتھی، پانچویں اور چھٹی منزل تک پہنچ گئی۔ منترالیہ کے گیٹ نمبر پانچ اور چھ کے درمیان صفائی کرنے والے ملازمین نے تیسری منزل سے دھواں اٹھتا دیکھ کر سکیورٹی اہلکاروں کو اطلاع دی۔
دوپہر 12.30 بجے تک آگ وزیر اعلیٰ کے پرانے میٹنگ روم تک پہنچ گئی تھی۔ وزارت کے 45 سے زائد کمرے آگ کی زد میں آ گئے۔ رات 2 بجے کے قریب آگ پر کافی حد تک قابو پالیا گیا۔ تاہم کئی حصوں سے وقفے وقفے سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ منترالیہ کی عمارت میں یہ دوسری بار آگ لگنے کا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے بھی چھ سات سال پہلے آگ لگی تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ فائر بریگیڈ کے پانچ اہلکار پھنسے ہوئے تھے جنہیں بعد میں بچا لیا گیا۔ اس حادثہ میں تین ملازمین شیوا، لکھن اور ببلو کے جھلسنے کی اطلاع ہے۔ ان ملازمین کو جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اس سے پہلے مہاشیو راتری اور عالمی یوم خواتین کی وجہ سے جمعہ کو وزارت میں چھٹی تھی۔ جمعرات کو شام 6 بجے کے قریب وزارت بند ہونے کے بعد وہاں کوئی نہیں تھا۔ جمعہ کو پورا دن بند رہا، ہفتہ کو آگ لگی، اس لیے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ دفتر بند ہونے کے 38 گھنٹے بعد آگ کیسے لگی۔ آتشزدگی میں کئی اہم سرکاری دستاویزات کے جل کر تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے چیف سکریٹری ویرا رانا کو فون پر ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کو کہا ہے کہ ایسی صورت حال دوبارہ نہ ہو۔ وزیراعلیٰ کی کال کے بعد کئی محکموں کے پرنسپل سیکرٹریز، سیکرٹریز اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
دھرنے پر بیٹھے جیتو پٹواری، کہا- بی جے پی حکومت نے لگوائی آگ
تقریباً ایک بجے کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار ولبھ بھون پہنچے۔ اس موقع پر جیتو پٹواری نے کہا کہ یہ آگ نہیں لگی بلکہ بی جے پی حکومت نے لگوائی ہے۔ اس دوران دونوں لیڈروں کی سیکورٹی اہلکاروں سے اس وقت بحث ہوئی جب انہیں ولبھ بھون کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا اور وہ گیٹ پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے۔
بوکھلاہٹ میں اوٹ پٹانگ بیان دے رہے ہیں جیتو: سبنانی
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی بھگوان داس سبنانی نے کانگریس کے ریاستی صدر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے کانگریس میں بھگدڑ مچی ہوئی ہے اور ان کے لیڈر پارٹی چھوڑ رہے ہیں، ان کے چہرے پر ہوائیاں اڑ رہی ہیں اور وہ بوکھلاہٹ میں اوٹ پٹانگ بیان دے رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار نے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان پر آگ لگوانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آگ پرانی حکومت کی کرپشن چھپانے کے لیے لگائی گئی ہے۔
جس جگہ آگ لگی وہ وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ کا ریکارڈ روم ہے۔ افسران یہاں بیٹھ کر وزیر اعلیٰ سے متعلق اہم دستاویزات سے متعلق کام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت نریندر شیواجی پٹیل اور دیگر ریاستی وزراء￿ کا میٹنگ روم ہے۔