تاثیر،۱۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ریواڑی، 11 مارچ : ہریانہ کے ریواڑی میں دہلی روڈ پر مسانی گاوں کے قریب اتوار کی رات پیش آئے سڑک حادثے میں چھ افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے میں دیگر سات افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک پنکچر کار ٹائر بدلتے ہوئے پیچھے سے آنے والی دوسری کار سے ٹکرا گئی۔
پولیس کے مطابق حادثے میں چار خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں کو ریواڑی اور گروگرام کے نجی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ مرنے والوں میں اتر پردیش کیغازی آباد کی روشنی (58)، نیلم (54)، پونم جین (50)، شیکھا (40) کے علاوہ ہماچل پردیش کا رہنے والا ڈرائیور وجے (40) اور ریواڑی کے گاوں کھرکھڑا ساکن سنیل (24) شامل ہیں۔زخمیوں میں ریواڑی کے گاوں کھرکھڑا کے رہنے والے روہت (24)، اجے (35)، سونو (23)، رجنی (46) یوپی، ملن (28) کھرکھڑا، برکھا (50)شامل ہیں۔
ریواڑی پولیس کے مطابق غازی آباد کی اجنارا گرین سوسائٹی میں رہنے والی شیکھا، پونم، نیلم، رجنی، روشنی ڈرائیور وجے کے ساتھ انووا سے راجستھان کے کھاٹو شیام گئے تھے۔ یہ سب اتوار کی رات واپس آرہے تھے۔ ان کی گاڑی مسانی گاوں کے قریب پنکچر ہوگئی۔ ڈرائیور گاڑی کا ٹائر بدل رہا تھا اور عورتیں سڑک کے کنارے کھڑی تھیں۔ اس دوران ریواڑی سے دھروہرہ کی طرف جارہی کار نے سب کو ٹکر مار دی۔

