پاکستان کی نئی حکومت، خواجہ آصف سنبھالیں گے وزارت دفاع

تاثیر،۱۳مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، 12 مارچ: خواجہ آصف پاکستان کی نئی حکومت میں وزارت دفاع سنبھالیں گے۔ حکومت کے 19 ارکان کے حلف اٹھانے کے بعد وزارتوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق پیر کو وزارتیں الاٹ کی گئیں۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو وزارت خارجہ کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔ بینکر محمد اورنگزیب کو وزیر اعظم شہباز شریف کی فنانس ٹیم کی قیادت کے لیے چنا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے سابق قائم مقام وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو وزیر داخلہ مقرر کیا گیا ہے۔ نقوی کے ایوان بالا کے رکن منتخب ہونے کا بھی امکان ہے۔احد خان چیمہ کو اقتصادی معاملوں کا وزیر منتخب کیا گیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف دفاعی پیداوار اور ہوا بازی کے اضافی محکمے بھی سنبھالیں گے۔ احسن اقبال وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ فی الحال وزیر مملکت شجاع فاطمہ خواجہ کو کوئی قلمدان نہیں دیا گیا۔