تاثیر،۲۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پلامو، 22 مارچ : ضلع کے پڑوا میں واقع جھارکھنڈ اسٹیٹ رورل بینک کی برانچ میں جمعہ کی صبحلوٹ مار کا واقعہ پیش آیا۔ بینک کھلتے ہی ڈاکو نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ تقریباً 5.50 لاکھ روپے لوٹ لئے گئے۔ بدمعاشوں کی تعداد چار بتائی جاتی ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دن کی روشنی میں پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد بینک اور پولیس کے سیکورٹی انتظامات پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔
اس سلسلے میں بینک منیجر ابھیشیک تیواری نے بتایا کہ جھارکھنڈ اسٹیٹ گرامین بینک کی شاخ پڑوا کے کھلتے ہی چار لٹیرے داخل ہوئے اور ملازمین کو یرغمال بنا لیا۔ واقعہ کے وقت بینک میں چار ملازمین موجود تھے۔ سب کو ایک کمرے میں بند کرنے کے بعد لٹیروں نے بینک سے تقریباً 5.50 لاکھ روپے لوٹ لئے اور فرار ہو گئے۔
واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ضلع کی ایس پی رشما رمیشن نے کہا کہ اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پڑوا سے متصل تمام تھانوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مجرموں کے فرار کے راستے پر خصوصی تفتیش تیز کر دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بدمعاشوں نے بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کے تمام پرزے نوچ ڈالے اور ویڈیو کو محفوظ کرنے والا ڈی وی آر بھی لے گئے ہیں۔ ایسے میں لٹیروں کی شناخت مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ بینک سے ملحقہ علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔