تاثیر،۱اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جلپائی گوڑی، یکم اپریل: آندھی -طوفان اور شدید بارش سے ہونے والی تباہی کے بعد گورنر ڈاکٹر سی وی آنند بوس اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے شمالی بنگال کا دورہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اتوار کی رات جلپائی گوڑی پہنچ گئیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اوراسپتال جا کر زخمیوں سے بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اتوار کو طوفان سے متاثر ہ جلپائی گوڑی، میناگوڑی کے تمام علاقوں کا دورہ کیا۔ جب وہ اپنے ہوٹل واپس آئیں تو رات کے ڈھائی بج چکے تھے۔ اس وقت ممتا مالبازار کے چالسا کے ایک ہوٹل میں ہیں۔
گورنر سی وی آنند بوس پیر کی صبح جلپائی گوڑی کے لیے روانہ ہوئے۔ وہ صبح تقریباً چھ بجے کولکاتا ایئرپورٹ سے باگڈوگرہ کے لیے روانہ ہوئے۔ تقریباً 8:30 بجے باگڈوگرہ پہنچے۔ گورنر نے جلپائی گوڑی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس قدرتی آفت میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ گورنر نے کہا کہ جلپائی گوڑی میں طوفان کی وجہ سے جان و مال کا نقصان ہوا ہے۔ کئی زخمی ہیں۔ میں فکر مند ہوں۔ میں نے متعلقہ محکمے سے بات کی ہے۔ حالات سے نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں۔ وہاں جا کر حالات دیکھوں گا، لوگوں سے بات کروں گا۔ میں جو بھی ہوسکا، کروں گا۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو اچانک آئے طوفان سے جلپائی گوڑی شہر، میناگوڑی اور دھوپاگوڑی کا بڑا علاقہ متاثر ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے رات میں کہا کہ پانچ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ مرنے والے پانچ لوگوں میں سے دو جلپائی گوڑی شہر کے رہنے والے تھے۔ ایک گوشالہ موڑ کا رہنے والا تھا اور دوسرا سین پاڑہ کا رہنے والا تھا۔ دو دیگر افراد میناگوڑی کے وارنش علاقے کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ رات کو ممتا بنرجی ان تمام متاثرہ خاندانوں کے گھر گئیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ابھی الیکشن ہو رہے ہیں۔ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہے، اس لیے وہ مالی معاوضے کے بارے میں کوئی سرکاری اعلان نہیں کر رہی ہیں۔

