الیکشن کمیشن نے دلیپ گھوش اور سپریا شرینیت کو بد زبانی پرخبردار کیا

تاثیر،۱اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، یکم اپریل: الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ دلیپ گھوش اور کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت کی خواتین کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے لیے مذمت کی ہے اور انہیں مستقبل میں محتاط رہنے کی تنبیہ بھی کی ہے۔ یہ ردعمل الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق جاری نوٹس کا جواب موصول ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ کمیشن نے پیر کو میڈیا کے ساتھ اپنا جواب شیئر کیا۔پیر کو کمیشن نے کہا کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ دلیپ گھوش اور کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے ذاتی حملے کرکے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کی۔ کمیشن نے یہ بھی کہا کہ اس وقت سے ان کی انتخابی مہم کمیشن کی خصوصی اور اضافی نگرانی میں ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتباہی نوٹس کی ایک کاپی پارٹی سربراہوں کو بھی بھیجی گئی ہے کہ وہ اپنے قائدین کو مشورہ دیں کہ وہ عوامی میدان میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے محتاط رہیں اور ایسے کسی بھی توہین آمیز ریمارکس اور ماڈل ضابطہ اخلاق کی رہنما خطوط کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
قابل ذکر ہے کہ سپریا سری نیت نے بالی ووڈ اداکارہ اور منڈی، ہماچل پردیش سے بی جے پی کی امیدوار کنگنا رانوٹ پر توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ اس کے بعد بی جے پی نے سپریا شرینیت پر حملہ کیا اور بعد میں اس کی شکایت الیکشن کمیشن تک پہنچی۔ بڑھتے ہوئے تنازعہ کو دیکھتے ہوئے سپریہ سرینیت نے اس پوسٹ کو ہٹا دیا تھا۔دوسری جانب بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش نے انتخابی مہم کے دوران بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ اس معاملے میں بی جے پی اور الیکشن کمیشن دونوں نے دلیپ گھوش کو نوٹس جاری کیا تھا۔ اس کے بعد دلیپ گھوش نے وضاحت دیتے ہوئے معافی مانگ لی۔