تاثیر،۲اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 2اپریل: یکم اپریل کو آئی پی ایل 2024 میں ممبئی انڈینز اور راجستھان رائلز کے درمیان میچ ہوا، جس میں راجستھان رائلز نے ریان پراگ کی نصف سنچری اننگز کی بدولت 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ یہ آئی پی ایل 2024 میں راجستھان رائلز کی لگاتار تیسری جیت تھی، جس کی وجہ سے راجستھان رائلس سنجو سیمسن کی کپتانی میں پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچ گیا ہے۔ دوسری جانب ممبئی انڈینز کا برا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں 5 بار کی چمپئن ممبئی کو اس سیزن میں لگاتار 3 شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل 2024 میں اپنا پہلا میچ گجرات ٹائٹنز کیخلاف کھیلا، جس میں اسے صرف 6 رنز سے شکست ہوئی۔ ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں ممبئی کی دوسری شکست سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف ہوئی، ایک ایسا میچ جس میں کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ وہ میچ 31 رنز سے ہارنے کے بعد اب ایم آئی نے بھی راجستھان رائلز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ۔ایم آئی پہلے کھیلتے ہوئے صرف 125 رنز بنا سکی۔ اگر تلک ورما 32 رنز کی اننگز نہ کھیلتے اور کپتان ہاردک پانڈیا 34 رنز کی اننگز نہ کھیلتے تو ٹیم کے لیے 100 رنز بنانا بہت مشکل کام نظر آرہا تھا۔ خاص طور پر ٹرینٹ بولٹ اور یوزویندر چہل نے شاندار بولنگ کی اور 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ اب ممبئی انڈینز کا اگلا میچ 7 اپریل کو دہلی کیپٹلز کیخلاف کھیلا جانا ہے۔اگرچہ راجستھان رائلز بھی ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں وقفے وقفے سے وکٹیں گنوا رہی تھی لیکن چھوٹی پارٹنرشپس کی وجہ سے ٹیم کے لیے ہدف حاصل کرنا آسان ہو گیا۔ ریان پراگ ایک سرے سے مضبوط کھڑے تھے، جن کے بلے میں آئی پی ایل 2024 میں آگ لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے 39 گیندیں کھیلیں اور 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کوئن مفاکا اور جیرالڈ کوٹزی کو ممبئی کی جانب سے مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ان دونوں نے 10 سے زیادہ کی اکانومی ریٹ پر رنز بنائے۔ اس سیزن میں راجستھان رائلز نے اپنے پہلے میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو 20 رنز سے، دوسرے میچ میں دہلی کیپٹلز کو 12 رنز سے اور اب تیسرے میچ میں ممبئی کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔

