کانگریس انتخابی منشور جاری، خواتین ریزرویشن، ذاتوں کی مردم شماری سمیت کئی دعوے شامل

تاثیر،۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 05 اپریل: لوک سبھا انتخابات 2024 کا بگل بج گیا ہے۔ اس سلسلہ میں پارٹیاں اپنے انتخابی منشور جاری کر رہی ہیں۔ کانگریس نے بھی آج انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے منشور جاری کیا۔ عام انتخابات 2024 کے لیے، کانگریس نے ‘پانچ انصاف اور 25 ضمانتوں’ کے وعدوں کے ساتھ ایک منشور جاری کیا ہے۔ اس دوران کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں اداروں پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔ کانگریس نے اپنے منشور کا نام نیائے پتر رکھا ہے۔ اس بار منشور میں 25 قسم کی ضمانتیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں ملک نے بہت نقصان اٹھایا۔کانگریس کے منشور کے مطابق 10 لاکھ نوکریاں، غریب خاندانوں کی خواتین کو ایک لاکھ روپے سالانہ دینے، ذات پات کی مردم شماری، ایم ایس پی کو قانونی تسلیم کرنے، منریگا کی اجرت کو کم کر کے 400 روپے کرنے اور سرکاری اداروں کا غلط استعمال روکنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس نے اعلان کیا کہ ذاتوں اور ذیلی ذاتوں اور ان کے سماجی و اقتصادی حالات کی گنتی کے لیے ملک گیر سماجی، اقتصادی اور ذات پات کی مردم شماری کرائی جائے گی۔ اعداد و شمار کی بنیاد پر مثبت ایکشن ایجنڈے کو تقویت دی جائے گی۔