نریندر مودی نے کرناٹک کے بی جے پی کارکنوں سے کہا – حکومت کی کامیابیوں کو عوام کے درمیان لے جانا پڑے گا

تاثیر،۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،05 اپریل:بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو پارٹی کارکنوں سے کہا کہ عوامی خدمت کے مہا یگیہ کو جاری رکھنے کے لیے ہمیں اپنی حکومت کے 10 سال کی کامیابیوں کو عوام کے درمیان لے جانا ہو گا۔وزیر اعظم مودی نمو ایپ کے ذریعے کرناٹک کے کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ 6 اپریل کو بی جے پی کے یوم تاسیس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جو عوامی خدمت کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ عوامی خدمت کے اس مہایگیہ کو جاری رکھنے کے لیے حکومت میں واپسی بھی اتنی ہی ضروری ہے اور عوام کا آشیرواد بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اس لیے ہمیں 10 سال تک کام کرنے کے بعد حاصل ہونے والی تمام کامیابیوں کو عوام تک لے جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ہر کارکن عوامی خدمت کے لئے ہمیشہ مصروف عمل ہے۔ 6 اپریل اور 7 مئی کی تاریخیں آپ کے لیے اہم ہونے والی ہیں۔ بی جے پی کارکن ہونے کے ناطے میں یہاں آپ سے بات کرنے آیا ہوں۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی جیت کا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کرناٹک کے عوام کو بی جے پی پر پورا بھروسہ ہے۔ ہم ہر گھر میں ‘4 جون 400 پار’ کی گونج سن رہے ہیں۔انہوں نے کارکنوں سے بوتھ جیتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد بوتھ جیتنا ہے۔ ہمیں پولنگ سٹیشنوں پر فتح حاصل کرنی ہے اور اس کے لیے ہمیں مناسب منصوبہ بندی اور حکمت عملی بنانا ہو گی۔