تاثیر،۱۱ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جمشید پور، 10 اپریل: ضلع کے بہراگوڑہ بلاک کے ماٹیہانہ پنچایت کے تحت کوکمارا گاؤں کے نزدیک چکولیہ-بہراگوڑہ مین سڑک کے کنارے ڈھیلی مٹی کھودنے کے دوران بدھ کے روز مٹی کے تودے گرنے سے تین خواتین مزدوروں کی موت ہوگئی۔ واقعے میں چار خواتین مزدور زخمی ہو گئیں۔ زخمی خواتین کو بہراگوڑہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا ہے۔ مرنے والوں میں بنیا کندر گاؤں کی منجو کسکو (32)، سشیلا سورین (29) اور الامانی ٹوڈو (50) شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ تمام خواتین بھوتیہ پنچایت کے بنیا کندر گاؤں کی رہنے والی ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق گاؤں والے اپنے گھروں کو کوٹنگ کے لیے کھودی مٹی کا استعمال کرتے ہیں۔ بدھ کو تمام خواتین مزدور کھدائی کر رہی تھیں۔ اس دوران اچانک مٹی اندر دھنس گئی۔ جس کے باعث مٹی کے نیچے دب کر تین خواتین مزدور جاں بحق اور چار خواتین مزدور زخمی ہو گئیں۔
بہراگوڑہ تھانہ انچارج وکاس کمار اور زونل افسر بھولے شنکر مہتو نے 108 ایمبولینس کی مدد سے زخمیوں کو بہراگوڑہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر روانہ کیا۔

